QR CodeQR Code

امریکی صدر ٹرمپ نے آج تک 9 ہزار مرتبہ جھوٹ بولا ہے، واشنگٹن پوسٹ

8 Mar 2019 21:46

واشنگٹن پوسٹ نے صدر ٹرمپ کے جھوٹے اور گمراہ کن دعووں کو موضوع کے اعتبار سے بھی ترتیب دیا اور گنا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی صدر نے امیگریشن کے حوالے سے 1688، خارجہ سیاست کے حوالے سے 1015، تجارت کے متعلق 939، معیشت کے حوالے سے 840 اور روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے 815 مرتبہ جھوٹ بولا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے ذیلی شعبے فیکٹ چیکر نے 3 مارچ 2019ء تک امریکی صدر ٹرمپ کے جھوٹ بولنے کی تعداد 9014 ریکارڈ کی ہے۔ ابتدائی سروے سے پتہ چلا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے جھوٹ بولنے کا رحجان ان کے صدارتی منصب سنبھالنے سے لے کر اب تک بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ سی این این نیوز کے مطابق امریکی صدر کی راستگوئی کا مسئلہ روز بروز بگڑتا جا رہا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے حقیقت جانچنے کے ذیلی شعبے (Fact Checker) نے صدر ٹرمپ کے صدارتی منصب سنبھالنے سے لے کر اب تک ان کے 9 ہزار سے زائد جھوٹے دعوے ریکارڈ کئے ہیں۔ واشنگٹن پوست کے کالم نگار اور حقیقت جانچنے کے شعبے فیکٹ چیکر کے ایڈیٹر گلین کیسلر (Glenn Kessler) نے فیکٹ چیکر، جو ہفتے میں ایک مرتبہ اپ ڈیٹ ہوتا ہے، کے حوالے سے  کہا کہ "3 مارچ 2019ء تک فیکٹ چیکر نے صدر ٹرمپ کے 9014 جھوٹے دعوے ریکارڈ کئے ہیں۔"

اس رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے صدراتی منصب سنبھالنے سے لے کر اب تک ان کے جھوٹ بولنے کا رحجان بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ انہوں نے سال 2017ء میں ہر روز اوسطا 5.9 جھوٹے یا گمراہ کن دعوے کئے جبکہ سال 2018ء میں ان کے جھوٹے یا گمراہ کن دعووں کی اوسط تعداد روزانہ 16.5 تک جا پہنچی اور بالآخر اب رواں سال 2019ء کے پہلے تین ماہ کے اندر ہی ان کے جھوٹے یا گمراہ کن دعووں کی اوسط تعداد روزانہ 22 ہوگئی ہے۔ گلین کیسلر نے اس سوال کے جواب میں کہ وہ کس طرح حقیقت جانچنے کا یہ عمل انجام دیتے ہیں، کہا کہ "یہ ایک مشکل کام ہے۔ ہمارے پاس تین لوگوں کا اسٹاف موجود ہے، جو صدر ٹرمپ کے ہر زبانی یا (ٹوئٹر پر) لکھے گئے دعوے کا جائزہ لیتا ہے۔ پہلے تو یہ کام سادہ تھا اور ہفتے کے آخر میں ہمارے پاس زیادہ کام نہیں بچتا تھا، لیکن اب صدر ٹرمپ نے "سی پیک" کے بارے میں اپنی ایک آخری تقریر میں ہی 100 سے زیادہ جھوٹ بول یا گمراہ کن دعوے کر دیئے ہیں۔"

گلین کیسلر نے صدر ٹرمپ کے جھوٹ بولنے کے رحجان میں افزائش کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ "صدر ٹرمپ بہت زیادہ بولتے ہیں اور ان کی یہ عادت سابق صدور باراک اوباما یا جارج ڈبلیو بش کے مقابلے میں غیر معمولی حد تک زیادہ ہے۔ وائٹ ہاؤس نے امریکی حکومت کے مترجم کی روزانہ کی پریس بریفنگ بھی ختم کر دی ہے، کیونکہ صدر ٹرمپ خود ہی مترجم کی جگہ بھی بول لیتے ہیں اور ہمیشہ پریس کانفرنسز بلاتے رہتے ہیں اور ان میں بھی، مثلاً فاکس نیوز کے ساتھ پے درپے پریس کانفرنسز میں اور انکی حد سے زیادہ تقریروں میں زیادہ تر گمراہ کن دعوے ہی ہوتے ہیں۔"

واشنگٹن پوسٹ نے صدر ٹرمپ کے جھوٹے اور گمراہ کن دعووں کو موضوع کے اعتبار سے بھی ترتیب دیا اور گنا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی صدر نے امیگریشن کے حوالے سے 1688، خارجہ سیاست کے حوالے سے 1015، تجارت کے متعلق 939، معیشت کے حوالے سے 840 اور روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے 815 مرتبہ جھوٹ بولا ہے، تاہم واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار گلین کیسلر کہتے ہیں کہ "ہم ان تمام اعداد و شمار کے بارے میں لفظ "جھوٹ" کو استعمال نہیں کرتے، کیونکہ بسا اوقات صدر ٹرمپ ایسی بات بھی کہہ جاتے ہیں، جو کسی زمرے میں نہیں سماتی۔ لہذا وہ بات جھوٹ کے بجائے گمراہ کن دعووں کے ضمن میں ریکارڈ کر لی جاتی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اسی طرح اپنی زبان چلاتے رہے تو ایک دو ماہ کے اندر ہی واشنگٹن پوسٹ کے فیکٹ چیکر میں یہ اعداد و شمار 10 ہزار سے بھی تجاوز کر جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 782305

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782305/امریکی-صدر-ٹرمپ-نے-آج-تک-9-ہزار-مرتبہ-جھوٹ-بولا-ہے-واشنگٹن-پوسٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org