QR CodeQR Code

کرشنا کماری کو چیئرمین سینیٹ کی سیٹ پر بٹھانا لائق تحسین ہے، فرح ناز

9 Mar 2019 18:19

لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو میں منہاج القرآن وومن لیگ کی صدر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان کا دنیا بھر میں اسلامی جمہوری تشخص اجاگر ہوا اور پوری دنیا کو یہ پیغام ملا کہ پاکستان ایک ذمہ دار تہذیب یافتہ سیاسی، مذہبی، سماجی اقدار کا حامل ملک ہے جہاں خواتین اور اقلیتوں کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سینیٹر کرشنا کماری کو چیئرمین سینیٹ کی سیٹ پر بٹھانا اور اس کے ذریعے ہاؤس کی کارروائی چلانا خواتین کے عزت و احترام کا قابل فخر مظاہرہ ہے، اس شاندار اقدام کیلئے اقلیتی خاتون سینیٹر کا انتخاب کرنا اور بھی قابل ستائش ہے، اس پر چیئرمین سینیٹ سمیت پورا ایوان مبارکباد کا مستحق ہے۔ انہوں نے لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کا دنیا بھر میں اسلامی جمہوری تشخص اجاگر ہوا اور پوری دنیا کو یہ پیغام ملا کہ پاکستان ایک ذمہ دار تہذیب یافتہ سیاسی، مذہبی، سماجی اقدار کا حامل ملک ہے جہاں خواتین اور اقلیتوں کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ اقلیوتوں کے مذہبی، سماجی حقوق کا خیال رکھا جا رہا ہے، ہندو کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر ایک وزیر سے استعفیٰ بھی لیا گیا یہ اقدام بھی اقلیتوں کے احترام اور تحفظ کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا حکم ہمیں اسلام اور رحمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات سے ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید بین الاقوامی شخصیت ہیں، ان کی سیاسی، جمہوری جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک روشن باب ہے اور انکی جمہوری جدوجہد خواتین کیلئے قابل فخر ہے۔


خبر کا کوڈ: 782314

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782314/کرشنا-کماری-کو-چیئرمین-سینیٹ-کی-سیٹ-پر-بٹھانا-لائق-تحسین-ہے-فرح-ناز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org