0
Saturday 11 Jun 2011 22:45

خروٹ آباد واقعہ،ضعیف تاجک خاتون بیٹے کی لاش دیکھ کر غم سے نڈھال

خروٹ آباد واقعہ،ضعیف تاجک خاتون بیٹے کی لاش دیکھ کر غم سے نڈھال
کوئٹہ:اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں خروٹ آباد واقعہ میں فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے تاجک باشندے کے والدین کوئٹہ پہنچ گئے، بی ایم سی اسپتال میں بیٹے کی نعش پہچان کر معمر والدہ کی شدید گریہ و زاری اور جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ خروٹ آباد واقعہ میں پولیس اور ایف سی کی فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے تاجک باشندے نعمان کے بوڑھے والدین آج کوئٹہ پہنچے، ان کے ہمراہ تاجکستان کے سفارتی عملے کا ایک اہلکار بھی تھا۔ کوئٹہ پہنچنے کے بعد وہ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال گئے جہاں انہوں نے مردہ خانے میں رکھی گئی، اپنے بیٹے اور بہو کی لاشوں کی شناخت کی، لاشیں شناخت کرنے کے بعد نعمان کی والدہ انتہائی جذباتی ہو گئیں اور شدید گریہ و زاری شروع کر دی، اس موقع پر بوڑھی والدہ اتنی جذباتی ہو گئیں کہ وہ اپنے مردہ بیٹے کو روتے ہوئے پکار رہی تھی اور کہی رہی تھی کہ اٹھو میرے بیٹے، اٹھو۔ اس موقع پر لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرنیوالے پولیس سرجن ڈاکٹر باقر شاہ بھی موجود تھے۔
 ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونیوالے ان دونوں غیرملکیوں کی تدفین ان کے والدین کی موجودگی میں کل بروز اتوار مقامی قبرستان میں متوقع ہے۔ سترہ مئی کو کوئٹہ کے نواحی علاقے خروٹ آباد میں فائرنگ سے تین خواتین سمیت پانچ غیرملکی ہلاک ہو گئے تھے۔ ابتدائی طور پر پولیس اور ایف سی کی جانب سے کہا گیا کہ ہلاک ہونیوالے خودکش حملہ آور تھے جنہیں ان کے مقصد میں کامیاب ہونے سے پہلے ہی فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا، تاہم بعد میں اس واقعہ کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہو گئے اور صوبائی حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں ایک انکوائری ٹریبونل بھی قائم کر دیا تھا، جس کی کاروائی تاحال جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 78244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش