QR CodeQR Code

پلوامہ حملہ نریندر مودی کے فائدے کیلئے ہوا، راج ٹھاکرے

11 Mar 2019 11:59

ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو فائدہ پہنچانے کیلئے بھارت میں مزید اشتعال پھیلایا جائیگا اور انتخابات کے نزدیک اسطرح کے حملے کئے جائیںگے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے دعوٰی کیا کہ پلوامہ حملہ پارلیمانی انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی مدد کرنے کے ارادے سے کیا گیا تھا۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو فائدہ پہنچانے کے لئے بھارت میں مزید اشتعال پھیلایا جائے گا اور انتخابات کے نزدیک اس طرح کے حملے کئے جائیں گے۔ راج ٹھاکرے نے ایم این ایس کے 13ویں یوم تاسیس پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان شہید ہوئے اور ہمیں بتایا گیا کہ ہم لوگوں کو سوال نہیں پوچھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی پیشن گوئی کی تھی کہ 2019ء کے انتخابات سے قبل نریندر مودی کی حکومت جنگ جیسی صورتحال پیدا کرے گی، ایسا اندازہ تو عام بات ہے۔

ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ حملہ ابھی کیوں ہوا۔ انہوں نے بالاکوٹ ہوائی کارروائی میں شدت پسندوں کے مارے جانے کے بارے میں کئی سوال اٹھاتے ہوئے نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کی سخت نکتہ چینی کی۔ راج تھاکرے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ اتحاد کر کے پارلیمانی انتخابات لڑنے کی بات پر خاموش رہے لیکن یہ ضرور کہا کہ مناسب وقت آنے پر اپنے منصوبوں کا اعلان کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 782560

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782560/پلوامہ-حملہ-نریندر-مودی-کے-فائدے-کیلئے-ہوا-راج-ٹھاکرے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org