QR CodeQR Code

بلوچستان میں بارش سے سیلابی ریلوں کے خطرے کے سبب الرٹ جاری

11 Mar 2019 12:45

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، نصیر آباد میں سیلابی ریلوں کے خطرے کے سبب الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں مزید بارش کا بھی امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بارش کی جھڑی پھر لگ گئی، اسلام آباد، لاہور سمیت کئی شہروں میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ آج دن بھر رم جھم کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ بلوچستان میں وقفے وقفے سے تیز بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی، سیلابی ریلوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ سرمئی بادلوں اور ہلکی ٹھنڈی ہوا سے موسم سہانا ہو گیا، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی بوندیں برسیں، اسلام آباد میں بادل چھائے اور پھر چھما چھم برسات ہوئی۔ شہر بےمثال کا حسن بھی مزید نکھر گیا۔ باغوں کے شہر لاہور میں بھی بارش کی جھڑی لگ گئی، ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں نے موسم کو اور دلکش بنا دیا۔ آسمان سے برستی بوندوں کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ فیصل آباد، چنیوٹ، مریدکے اور میرپور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم میں تبدیلی آ گئی۔

پشاور، صوابی اور ڈی آئی خان میں بھی تیز بارش ہوئی، جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔ بارش کے باعث قومی شاہراہوں پر پھسلن ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، نصیر آباد میں سیلابی ریلوں کے خطرے کے سبب الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں مزید بارش کا بھی امکان ہے۔ ترجمان موٹروے کی جانب سے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سب سے سرد ترین مقام کالام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 07 ریکارڈ کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 782599

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782599/بلوچستان-میں-بارش-سے-سیلابی-ریلوں-کے-خطرے-سبب-الرٹ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org