0
Monday 11 Mar 2019 13:04
نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں

بلاول بھٹو آج نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کرینگے

بلاول بھٹو آج نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کرینگے
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج سابق وزیراعظم نوازشریف سے جیل میں ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی نوازشریف سے ملاقات 2 سے 3 بجے کے درمیان ہوگی اور اس دوران پیپلزپارٹی کے اہم رہنما بھی پارٹی چیئرمین کے ہمراہ ہوں گے۔ بلاول بھٹو کی جانب سے ہفتے کو محکمہ داخلہ کو درخواست دی گئی تھی، جس میں نوازشریف سے جیل میں ملاقات کی اجازت طلب کی گئی تھی اور اجازت ملنے کی صورت میں قمر زمان کائرہ، جمیل سومرو اور مصطفٰی نواز کھوکھر کے نام بلاول کے ساتھ ملاقاتیوں میں شامل تھے تاہم بعد میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مزید دو رہنماؤں کو ملاقاتیوں میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی۔ پنجاب حکومت نے پیپلزپارٹی کی درخواست منظور کرلی، جس کے بعد علی قاسم گیلانی اور سید حسن مرتضٰی بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سابق وزیراعظم نوازشریف سے ان کی خیریت دریافت کریں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی و سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف سے ملنے جا رہا ہوں اور میری ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف علیل ہیں جنہیں علاج کی مناسب سہولت ملنی چاہیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک پر خطرات کے سائے منڈلا رہے ہیں لیکن حکمران نان ایشوز میں پھنسے ہیں، حکومت نے انتہا کردی جس کے بعد خاموش نہیں بیٹھ سکتا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں حکومت نان ایشوز پر ہنگامہ برپا کرتی ہے اور وزراء متنازع بیانات دیکر پارلیمنٹ کا وقت ضائع کرتے ہیں۔ پی پی چیئرمین نے ارکان کو ہدایت کی کہ پنجاب کا پارلیمانی ایوان ہائی جیک ہونے نہ دیں اور پنجاب اسمبلی میں عوامی مسائل پر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے اور لوگوں سے علاج کی سہولیات تک چھین لی گئی ہیں جبکہ عام آدمی روٹی کو ترس رہا ہے اور غریبوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قوم کو قربانیوں کا صلہ مہنگائی کی شکل میں دیا گیا ہے۔ پی پی چیئرمین نے اجلاس میں پنجاب میں دوروں اور وکلا بارز سے بھی خطاب کا اعلان بھی کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر کو کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ 
 
خبر کا کوڈ : 782601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش