0
Monday 11 Mar 2019 21:13

سندھ کو اپنی گیس پیداوار میں جائز حصہ ملنا چاہیئے، امتیاز شیخ

سندھ کو اپنی گیس پیداوار میں جائز حصہ ملنا چاہیئے، امتیاز شیخ
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کو اپنی گیس پیداوار میں جائز حصہ ملنا چاہیئے اور اس مقصد کے لئے اوگرا میں سندھ کی نمائندگی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ تقریبا 2700 ملین سی ایف ڈی (کیوبک فٹ ڈیلی) گیس پیدا کرتا ہے جبکہ ہمیں صرف 1100 ملین سی ایف ڈی گیس دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس کمپنیاں ٹریننگ ڈیولپمنٹ فنڈ کی مد میں جو رقم وفاق کو ادا کرتی ہیں اس میں سے سندھ کا حصہ ملنا چاہیئے اور اس مقصد کے لئے وہ وفاق میں بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو صوبوں کو اعتماد میں لے کر قومی مفاد کے فیصلے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں تیل اور گیس پیدا کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ ان کی صدارت میں آج منعقدہ ایک اجلاس میں صوبے کے جن علاقوں میں تیل اور گیس پیدا ہو رہی ہے وہاں کام کرنے والی کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ملازمتوں میں مقامی لوگوں کو جائز حصہ دیں تاکہ صوبے کے ان اضلاع کے لوگوں کو روزگار ملے اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں تیل و گیس پیدا کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے کارپوریٹ سوشل رسپانسیبیلیٹی کے ضمن میں ملنے والے ترقیاتی فنڈز کو ان علاقوں میں مفاد عامہ کی اسکیموں میں کس طرح خرچ کیا جارہا ہے اس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں صوبے میں تیل اور گیس نکالنے والی کمپنیوں کے افسران، تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اے ڈی سیز کے علاوہ مینیجنگ ڈائریکٹر تھرکول انرجی بورڈ طارق علی شاہ، سیکریٹری توانائی سندھ مصدق احمد خان اور محکمہ توانائی کے دیگر افسران نے شرکت کی اور اسکیموں کی نوعیت اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ کمپنیوں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ جن علاقوں سے تیل یا گیس نکال رہی ہیں وہاں مفاد عامہ کی اسکیموں پر اب تک کے کئے گئے کام کی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کی ان اسکیموں پر کام کا جائزہ لینے کے لئے ہر سہ ماہی میں ضلعی انتظامیہ اور تیل و گیس کمپنیوں کا مشترکہ جائزہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں مفاد عامہ کی اسکیموں پر ہونے والے کام کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 782697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش