0
Monday 11 Mar 2019 20:35
ایرانی قوم کو اپنا کنبہ اور ایران کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، برہم صالح

کوئی تیسرا ملک ایران اور عراق کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر حسن روحانی

ایران ہمیشہ ایک پرامن، آزاد اور ترقی یافتہ عراق کیلئے سرگرم رہا ہے
کوئی تیسرا ملک ایران اور عراق کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے آج سوموار کے روز اپنے عراق کے دورے کے دوران بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب "برہم صالح" کے ساتھ ملاقات میں عراقی حکومت کے پرتپاک استقبال، بہترین مہمان نوازی اور عراقی عوام کی عتبات عالیات کے زائرین کی خدمت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان قائم تعلقات میں مزید گہرائی اور موجودہ باہمی تعاون کی فضا میں مزید ترقی کا باعث بنے گا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کا مصمم ارادہ ہے کہ عراق کے ساتھ اپنے روابط کو ہر ممکن حد تک توسیع دے اور مستحکم بنائے۔ تہران اور بغداد کے درمیان قریب ترین تعلقات اور تعاون دونوں اقوام کی مشترکہ آرزو ہے۔ دونوں ممالک کے طلاب علم اور علماء کرام بھی ہمیشہ سے ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ رہے ہیں جبکہ قم مقدس اور نجف اشرف کے حوزات علمیہ ہمیشہ سے عظیم علماء کی پرورشگاہیں رہی ہیں۔

ایرانی صدر نے بینکنگ سے متعلق روابط کی توسیع کو ایران اور عراق کے تجارتی اور اقتصادی تعاون کی توسیع کا سنگ بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مرکزی بینکوں کا استحکام اور ملکی کرنسی کی بنیاد پر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون ہمیں غیر ملکی کرنسیوں سے بےنیاز کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق اپنے تعلقات کو بہت سے شعبوں میں باہمی تعاون جیسے انرجی، نقل و حمل اور ٹرانزٹ ٹریڈ کا شعبہ اور دریائے اروند کے بہتر استعمال اور عتبات عالیات کے زائرین، خصوصاً اربعین امام حسین علیہ السلام پر جانے والے زائرین کے سفر کے لئے دونوں ممالک کے ریلویز کے نظام کو باہم متصل کرنے سے مزید وسیع کرسکتے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں سرحدی بازاروں اور صنعتی شہروں کے قیام کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے میں موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران عراق کو اپنے تجربات اور فنی خدمات دینے اور اپنے نجی شعبے کو عراق میں سرمایہ گذاری پر آمادہ کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران ہمیشہ ایک پرامن، آزاد اور ترقی یافتہ عراق کیلئے سرگرم رہا ہے اور اس رستے میں ایران نے ہمیشہ عراقی حکومت اور عوام کا مخلصانہ ساتھ دیا ہے، کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جدوجہد ان کے مکمل طور پر نابود ہو جانے تک جاری رہنی چاہیئے، جبکہ ایران عراق کے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے کام میں مشارکت کے لئے بھی تیار ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ ان کے اس دورے کا پیغام یہ ہے کہ دنیا کی کوئی بیوروکریسی یا کوئی تیسرا ملک ایران اور عراق کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتا اور نہ ہی دونوں ممالک کے سربراہان کے آپسی تعلقات کو وسعت دینے اور مزید گہرا کرنے پر مبنی ارادے کے سامنے رکاوٹ بن سکتا ہے۔

دوسری جانب عراق کے صدر "برہم صالح" نے اس ملاقات میں ایران اور عراق کے درمیان قائم تعلقات اور باہمی تعاون کی فضا کو تاریخی اور مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ایرانی قوم کو اپنا کنبہ اور ایران کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ ایران ہر حساس موقع پر بہت سے عراقی شہریوں کا بہت اچھا میزبان ثابت ہوا ہے، کہا کہ ایران نے داعش کی شکست میں بہت نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ آپس کے بہترین دوستانہ تعلقات کے علاوہ ایران اور عراق کے مدنظر کچھ نہیں۔

جناب برہم صالح نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عراق اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہمہ جانبہ تعلقات اور باہمی تعاون کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے عہدیداروں کو تہران اور بغداد کے درمیان ریلویز، ٹورازم، ماحولیات، صنعت، معدن اور علم و تہذیب سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو توسیع دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے مسائل خطے میں موجود تمام ممالک کے مدنظر ہونے چاہئیں اور تمام ممالک کو مل کر دہشتگردی کو نابود کرنے کی جدوجہد کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کبھی بھی ایران کی حکومت اور عوام کی طرف سے سخت دنوں میں عراقی عوام کی حمایت کو نہیں بھولیں گے۔
خبر کا کوڈ : 782708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش