QR CodeQR Code

ابھی نندن کے بدلے کشمیریوں کی رہائی کیلئے بات کرنی چاہئے تھی، غنویٰ بھٹو

11 Mar 2019 23:51

سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن نے کہا کہ ہندوستان، پاکستان اور چین بامقصد بات چیت کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو یقینی بنائیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ ابھی نندن کی رہائی کے وقت حکومتِ پاکستان کو ان کی رہائی کے عوض کشمیری اسیروں کی رہائی کیلئے بات کرنی چاہئے تھی، لیکن اسے عجلت میں رہا کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام تاحال بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں، اس لئے مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہمیں کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی امدد جاری رکھنی چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ستر کلفٹن پر ہونے والے سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ پوری دنیا کو نیوکلیئر فری بنانے کیلئے بامعنی مذاکرات کئے جائیں، تاکہ تمام ممالک سے ایٹمی اسلحہ کو تلف کیا جا سکے اور نسل انسانی کو لاحق خطرات اور جنگی جنون کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جا سکے اور اس مد میں خرچ ہونے والی رقم اپنے ملک سے غربت اور افلاس کے خاتمہ کیلئے استعمال کی جا سکے۔

غنویٰ بھٹو نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دائمی امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی و منشا کے مطابق حل کیا جائے اور اس خطے میں موجود ممالک ہندوستان، پاکستان اور چین بامقصد بات چیت کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس سے عوام میں اپنے اداروں پر اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 782709

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782709/ابھی-نندن-کے-بدلے-کشمیریوں-کی-رہائی-کیلئے-بات-کرنی-چاہئے-تھی-غنوی-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org