QR CodeQR Code

کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر بم حملہ، 4 اہلکار زخمی

11 Mar 2019 23:25

پولیس موبائل پر بم دھماکے سے متعلق اپنے مذمتی بیان میں وزیراعلٰی جام کمال نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، دہشتگردوں کے خلاف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہینگی۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عبدالرزاق چیمہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اورسکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ ذرائع نے کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دھماکے سے پولیس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے میاں غنڈی میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ میں چار پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے پولیس کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔


خبر کا کوڈ: 782711

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782711/کوئٹہ-میں-پولیس-کی-گاڑی-پر-بم-حملہ-4-اہلکار-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org