0
Tuesday 12 Mar 2019 10:36

ترکمانستان اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کی پاکستان آمد

ترکمانستان اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کی پاکستان آمد
اسلام ٹائمز۔ جرمنی اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے نور خان ائیر بیس پہنچنے پر پاکستانی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ جرمن وزیر خارجہ دورہ پاکستان کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سمیت اعلیٰ سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں کے دوران خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ جرمنی کے وزیرخارجہ نے گزشتہ اتوار افغانستان کا دورہ بھی کیا تھا۔

دورہ افغانستان کے دوران جرمن وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ نیٹو کا دوسرا بڑا اتحادی ہونے کے ناطے جرمنی پر جو ذمہ داری بنتی ہے ہم اسے نبھانے میں سنجیدہ ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم افغان مسئلے کے پر امن حل اور معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ جرمنی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے طالبان کی موجودگی میں امن کانفرنس کرانے کی پیش کش بھی کی تھی۔ دوسری طرف ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ترکمانستان کے توانائی کے وزیر اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ راشد میریدوف اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوسرے مرحلے میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔

ترکمانستان کے وزیرخارجہ راشد میری دوف بھی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ پاکستانی وزیر خزانہ، پیٹرولیم اور توانائی کے وزرا سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ خارجہ امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری استوار کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 782779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش