QR CodeQR Code

سکواڈرن لیڈر حسن صدیقی پاکستان کی پوری قوم کا فخر ہے، عثمان بزدار

12 Mar 2019 13:21

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے، پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کے تحفظ کیلئے جرأت اور بہادری کی تاریخ رقم کی ہے، قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرأت پر ناز ہے، پاک فضائیہ نے فضائی حدود کے دفاع کیلئے شاندار خدمات سرانجام دینے کیساتھ معاشرے کی ترقی کیلئے بھی بہترین انداز میں کام کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ پاکستان ائیر فورس، ائیروائس مارشل عرفان احمد نے لاہور میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پیشہ وارانہ امور پر مہارت، فضائی سرحدوں کی حفاظت اور دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے جانبازوں کی شجاعت اور بہادری کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی طیاروں کو مار گرانے اور مذموم عزائم ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے کامیاب ایکشن کو سراہا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں نے دشمن کی بزدلانہ حرکت کو ناکام بنایا، پاک فضائیہ نے بھارت کے 2 جنگی طیاروں کو گرا کر مودی سرکار کو بھرپور جواب دیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ارضِ پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے پاکستان ائیر فورس کے بہادر شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں، سکواڈرن لیڈر حسن صدیقی پاکستان کی پوری قوم کا فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے، پاکستان ائیر فورس نے بھارت کو باور کروا دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے ہمہ وقت تیار ہیں، وطن کی حفاظت پر مامور پاکستان کے بہادر سپوت ہمارے ہیرو ہیں۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے، پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کے تحفظ کیلئے جرأت اور بہادری کی تاریخ رقم کی ہے، قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرأت پر ناز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی حدود کے دفاع کیلئے شاندار خدمات سرانجام دینے کیساتھ معاشرے کی ترقی کیلئے بھی بہترین انداز میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے ایئرفورس نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے، قدرتی آفات کے دوران پاک فضائیہ نے ریسکیو آپریشن کرکے قومی خدمت سرانجام دی، پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج کی صلاحیت، بہادری، جرأت اور شجاعت پرفخر ہے، ملکی سالمیت اور وطن کے دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


خبر کا کوڈ: 782830

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782830/سکواڈرن-لیڈر-حسن-صدیقی-پاکستان-کی-پوری-قوم-کا-فخر-ہے-عثمان-بزدار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org