QR CodeQR Code

اگر تم ظلم کے آگے کھڑے ہونے والے نہیں بنو گے تو ظالم اور مضبوط ہوگا، مصطفی کمال

12 Mar 2019 21:59

جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے مفادات کی خاطر کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا، شہر کے مئیر کو مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز کے فنڈ آتے ہیں مگر اس کے باوجود بھی کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہاکہ ظالم صرف وہ نہیں جو اپنے ہاتھوں سے ظلم کر رہا ہے، بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو تمام مظالم کے باوجود خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، اگر تم ظلم کے آگے کھڑے ہونے والے نہیں بنو گے تو ظالم اور مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کا امن پسندی کا نظریہ اور منشور ہی پاکستان میں خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کورنگی، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں علیحدہ علیحدہ منقعد جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہہ رگ ہے اور پاکستان کو 70 فیصد ریوینیو دیتا ہے، اس کے باوجود بھی میرے شہر کو کچرا کنڈی اور میرے شہر کے لوگوں کے لئے نہ ہی بہتر اسپتال، نہ تو بہتر ٹرانسپورٹ اور نہ ہی کوئی سیوریج کا نظام ہے اور تو اور تعلیم کے نظام کو بھی تباہ کردیا گیا ہے، جبکہ کراچی کی عوام فضلہ ملا پانی پینے پر مجبور ہے کیونکہ کراچی سے کوئی مخلص نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ دفعہ الیکشن جتوانے کے باوجود بھی ان کے پاس گٹر لائنوں کے بھی اختیار موجود نہیں کیونکہ اختیار کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ کردار کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے اپنے مفادات کے خاطر اس شہر کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا، اس شہر کے مئیر کو کراچی کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز کے فنڈ آتے ہیں، مگر اس کے باوجود بھی کراچی کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی واحد جماعت ہے جو اس شہر سمیت پورے ملک کے مسائل حل کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے ساتھیوں کے ہاتھ میں پاکستان کا جھنڈا دیا اور اس جھنڈے کو ماننے والا ہر انسان ہمارا بھائی ہے، میں آپ لوگوں کو دعوت دینے آیا ہوں کہ پی ایس پی کا حصہ بنیں اور پی ایس پی کے پلیٹ فارم پر جمع ہوکر اپنے حقوقِ کے لئے آواز بلند کریں کیونکہ انشاء اللہ آنے والا وقت تمہارا ہے۔


خبر کا کوڈ: 782934

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/782934/اگر-تم-ظلم-کے-آگے-کھڑے-ہونے-والے-نہیں-بنو-گے-ظالم-اور-مضبوط-ہوگا-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org