0
Wednesday 13 Mar 2019 00:00

جرمن وزیر خارجہ کی وفد کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات

جرمن وزیر خارجہ کی وفد کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان سے جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے ملاقات کی جس کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک جرمن تعلقات اور خطے کی سلامتی کی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت حالیہ کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے امن اقدامات پر بھی وزیراعظم عمران خان اور جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بات چیت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان جرمنی کےساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال ، پاک بھارت حالیہ کشیدگی سمیت افغان امن عمل کےامور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے کشیدہ صورت حال کو بہتر بنانے کے پاکستان کے اقدامات پر وزیرخارجہ کو آگاہ کیا، وزیراعظم نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ وزیراعظم سے گفتگو میں جرمن وزیرخارجہ نےخطے میں امن اور استحکام کےلیے پاکستان کی کوششوں اور اقدامات کی تعریف کی اور وزیراعظم عمران خان کوپاک بھارت کشیدہ صورتحال کو ذمہ دارانہ انداز میں نمٹنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ذمہ دارانہ کوششوں کو پوری عالمی برادری نے مثبت قرار دیا ہے، پاکستان کا افغان مسئلے کے پرامن حل کےلیے کلیدی کردار ہے۔ جرمن وزیرخارجہ نے جرمن چانسلر کی جانب سے وزیراعظم کو دورہ جرمنی کی دعوت بھی دی۔

اس سے قبل جرمن وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر تشویش ہے، مشبوضہ کشمیر میں انتہائی ابتر صورتحال ہے، مسئلہ کشمیرکے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات ہونے چاہئیں۔ پاکستان اور جرمنی نے دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارتی و اقتصادی تعاون اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت تعلیم و دیگر شعبوں کے فروغ میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات میں جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان امن کیلئے کوششیں کی جنہیں سراہتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان معاشرتی اور اقتصادی تعمیر و ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، دونوں رہنماؤں نے پاک بھارت کشیدگی کے باعث خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ یاد رہے کہ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس آج ہی پاکستان پہنچے ہیں اور نور خان ایئر بیس آمد پر دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 782956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش