0
Wednesday 13 Mar 2019 02:10

اگر مجھے غصہ آیا تو تمام بےروزگار نوجوانوں کو لے کر شاہراہ فیصل پر احتجاجی دھرنا دونگا، فاروق ستار

اگر مجھے غصہ آیا تو تمام بےروزگار نوجوانوں کو لے کر شاہراہ فیصل پر احتجاجی دھرنا دونگا، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے دوبارہ مردم شماری کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری سندھ کے نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں، اگر مجھے غصہ آیا تو تمام بے روزگار نوجوانوں کو لے کر شاہراہ فیصل پر بڑا احتجاجی دھرنا دونگا، میں کسی کے خلاف نہیں صرف ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کررہا ہوں، تمام بے روزگار نوجوان کمر کس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو رہے، پانی کے نئے منصوبے تو کیا پرانے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، بدقسمتی سے وفاقی حکومت عوامی مسائل سے لاتعلق ہے، شہری اور دیہی سندھ کے درمیان خلیج میں شدت اور اضافہ ہو رہا ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ابھی جو امن و استحکام قائم ہے اسکو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور خدشہ ہے کہ عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو لاقانونیت اور جرائم پھر سے سر اٹھا سکتے ہیں، سندھ کی حکومت اور وزیراعلیٰ سندھ صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ 2000ء سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن کراچی کو تاحال کوئی ترقیاتی فنڈ نہیں ملا۔

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے وڈیروں اور جاگیرداروں کی جانب سے بنائی گئی پالیسیوں میں تعصب واضح نظر آتا ہے، فنڈز ہڑپ کرگئے، کوٹہ سسٹم آئینی طور پر ختم ہونے کے باوجود جاری رکھا، مردم شماری میں کم گنا، نوکریوں میں ناانصافی کی گئی، اب عزت نفس پر بات آرہی ہے، زندہ رہنے کا حق بھی چھینا جا رہا ہے، اب یہ نہیں برداشت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھی بھائیوں کے خلاف نفرت کا کبھی پرچار نہیں کرونگا لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت بتادے کہ آخر کیا کرنا چاہتی ہے، سندھ کے 33 اضلاع میں جتنے ڈپٹی کمشنرز کو تعینات کیا گیا ان میں کوئی شہری سندھ یا اردو بولنے والوں کی کوئی نمائندگی نہیں، جتنے افسران کی تقرریاں ہو رہی ہیں ان میں تعصب اور لسانیت واضح نظر آرہی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں نفرت بڑھانے کے لئے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے وڈیروں کی جانب سے کرپشن چھپانے کے لئے جو کھیل کھیلا جا رہا ہے اس کے خلاف آواز اٹھا رہا ہوں، نیب کے معاملات آگے بڑھے تو سب کو پتہ ہے سندھ میں کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ابھی لسانی فسادات کی جو ہوا چلی اس کے پیچھے بھی بڑی سازش تھی۔

فاروق ستار نے کہا کہ حالیہ بدامنی میں ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے کارکنان کو شہید کیا گیا، یہاں کی سڑکوں پر کسی بے گناہ کا خون نہیں بہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی کرپشن چھپانے کے لئے نفرت اور تعصب کا بیچ بو رہی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت کو جواب دینا ہوگا اور تمام زبان بولنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلیں، اگر میں احتجاج کی کال دوں تو لوگ میرا ساتھ دیں، یہ ڈاکٹر فاروق ستار کی اپیل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے میچز ہونا خوش آئند ہے، ثابت ہوگیا کہ کراچی پر امن لوگوں کا شہر ہے، غیر ملکیوں کی مہمان نوازی کرکے ثابت کیا کہ کراچی مہمان نواز لوگوں کا شہر ہے، پی ایس ایل کے تمام آرگنائزرز مبارکباد کے مستحق ہیں اور اہلیان کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمیں فخر ہے کہ ہمیں میزبانی کا موقع ملا، انشاء للہ کرکٹ کے بعد ہاکی کا بھی فائنل کراچی میں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 782967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش