QR CodeQR Code

این جی اوز نے یوم خواتین پر معاشرتی و اسلامی اقدار کی دھجیاں اُڑا دیں، زہرا نقوی

13 Mar 2019 12:57

ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے کی آڑ میں اپنے مذموم عزائم کیساتھ سڑکوں پر آنیوالی خواتین اپنے بیرونی آقاؤں کی خوشنودی پر عمل پیرا ہیں، انکے ہاتھوں میں اٹھائے گئے بینرز اور انکے نعرے نا صرف اسلامی قوانین سے بغاوت بلکہ ہماری مشرقی اقدار کے بھی منافی تھے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے کہا ہے کہ یوم خواتین کی آڑ میں مغرب زدہ سوچ کو مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ یوم خواتین پر کچھ این جی اوز کی جانب سے اسلامی معاشرتی اقدار کی دھجیاں اڑائی گئیں، جو قابل تشویش اور باعث شرمندگی فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے کی آڑ میں اپنے مذموم عزائم کیساتھ سڑکوں پر آنیوالی خواتین اپنے بیرونی آقاؤں کی خوشنودی پر عمل پیرا ہیں، ان کے ہاتھوں میں اٹھائے گئے بینرز اور ان کے نعرے نا صرف اسلامی قوانین سے بغاوت بلکہ ہماری مشرقی اقدار کے بھی منافی تھے۔

زہرا نقوی نے کہا کہ اس حساس نوعیت کے مسئلے پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو فوری نوٹس لینا چاہیئے اور ان کے پس پردہ چھپے عزائم کو بے نقاب کرکے ایسے ملک دشمن آلہ کاروں کو نشان عبرت بنانا چاہیئے، یہ دہشتگردی پر قابو پانے کے بعد ملک کو ایک اور سنگین اخلاقی جرم کی طرف لے جانے کی ایک قبیح سازش ہے، جسے قوم کبھی کامیاب نہیں ہونے دی گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے رول ماڈل جناب سیدہ فاطمہ زہراؑ کی ذات اقدس ہے، اسلام نے جو عزت و منزلت اور حقوق عورت کو ماں، بیٹی، بہن اور بیوی کے روپ میں عطا کئے ہیں، آج کی دنیا کا کوئی معاشرہ ایسی مثال پیش نہیں کرسکتا۔


خبر کا کوڈ: 783063

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/783063/این-جی-اوز-نے-یوم-خواتین-پر-معاشرتی-اسلامی-اقدار-کی-دھجیاں-ا-ڑا-دیں-زہرا-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org