سیدو شریف:
اسلام ٹائمز۔ سوات کے کمشنر فخر عالم نے کہا ہے کہ سوات کے علاقے میں سیر و سیاحت کی سرگرمیاں مقامی سول انتظامیہ اور مسلح افواج کے تعاون سے منعقد کی جائیں گی اور اس کا مقصد اندرون اور بیرون ملک سے سیاحوں کو وادی کی طرف راغب کرانا ہے۔ وادی کے سیاحتی مرکز سیدو شریف میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کمشنر فخر عالم نے کہا کہ سیاحت اس علاقے کی معیشت کے لیے ریڑھی کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن گذشتہ چند سالوں کے دوران دہشت گردوں کی پرتشدد کاروائیوں کے باعث سیاحت کے شعبے کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ تاہم اُن کا کہنا تھا کہ اب ایک بار پھر اس علاقے میں امن کی بحالی کے بعد وادی کی رونقوں کی دوبارہ بحالی کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ فخر عالم نے مزید کہا کہ سیاحت کی بحالی کی کوششوں پر تین کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے اور اس دوران ملک بھر سے فنکاروں اور گلوکاروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔