0
Thursday 14 Mar 2019 18:35

بے نامی اکاؤنٹس، پشاور سے اہم ملزم گرفتار

بے نامی اکاؤنٹس، پشاور سے اہم ملزم گرفتار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پشاور نے بے نامی اکاؤنٹس چلانے والے اہم ملزم فضیل خان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کے مختلف بینکوں میں 35 اکاؤنٹس ہیں جن کے ذریعے اب تک 9 ارب روپے کی ٹرانزیکشن ہوچکی ہے۔ ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل(سی بی سی) حکام کے مطابق بے نامی اکاؤنٹس کے مالکان کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور اس ضمن میں جمعرات کے روز پشاور کے مال روڈ پر ایک مکان پر چھاپہ مار کر وہاں سے اہم دستاویزات برآمد کرکے بدنام زمانہ منشیات ڈیلر حاجی خان آفریدی المعروف وڑوکے حاجی کے صاحبزادے فضیل خان کو گرفتار کرلیا۔ حکام نے بتایا کہ فضیل خان کے پاکستان کے مختلف بینکوں میں 35 اکاؤنٹس ہیں جو اُس نے اپنے منشیوں کے نام سے کھلوائے تھے جن کے ذریعے اب تک 9 ارب پاکستانی روپے کی ٹرانزیکشن ہوچکی ہیں۔ ملزم فضیل خان پاکستان میں غیر ملکی کرنسی کا سب سے بڑا ڈیلر ہے جبکہ دبئی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنی رقم فضیل خان کے ملازمین کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے پاکستان بھیجتے تھے، جو بعد ازاں اُن کے اہل خانہ کو فراہم کی جاتی تھی۔ حکام نے بتایا کہ ملزم فضیل خان کے اکاؤنٹس کے تانے بانے کراچی سے ملنے والے بے نامی اکاؤنٹس سے ملتے ہیں اور اِس کے اکاؤنٹس سے جن جن کو رقم بھیجی گئی ہیں، وہ اُن کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے، جس کے ذریعے مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 783313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش