0
Friday 15 Mar 2019 09:20

نیوزی لینڈ، 2 مساجد پر فائرنگ، جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہو گئی

نیوزی لینڈ، 2 مساجد پر فائرنگ، جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہو گئی
اسلام ٹائمز۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں نماز جمعہ میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہو گئی، واقعے میں 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعات کرائسٹ چرچ میں واقع مسجدِ نور اور مسجد لنٹن میں پیش آئے، جس میں مسلح افراد نے مساجد میں داخل ہو کر خودکار ہتھیاروں سے نمازیوں پر فائرنگ کی۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسجد میں ایک مسلح شخص داخل ہوا جس نے مشین گن سے فائرنگ کی، حملہ آور نے پنڈلیوں سے گولیوں سے بھرے میگزین باندھے ہوئے تھے۔ مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ ملزم نے اپنی شناخت آسٹریلوی شہری برینٹن ٹیرینٹ کے نام سے کی ہے، حملہ آور وردی میں ملبوس تھا، جس کی عمر 30 سے 40 سال تھی۔

ادھر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیکینڈا آرڈرن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ مسجد میں فائرنگ دہشت گردی ہے، مساجد پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے حملہ کیا گیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کرنے والا حملہ آور آسٹریلوی باشندہ ہے، حملہ آور دائیں بازو سے تعلق رکھنے والا انتہا پسند اور متشدد دہشت گرد ہے۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور جدید ہتھیاروں سے لیس اور پیٹرول بموں سے بھری گاڑی کیساتھ پہنچا تھا،جو ہیلمٹ میں لگے کیمرے سے واردات کی ویڈیو لائیو اسٹریمنگ کرتا رہا۔  مقامی میڈیا نے مزید بتایا ہےکہ مسلح شخص نے مسجد میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی، اس نے کئی بار گن کو ری لوڈ کیا اور مختلف کمروں میں جا کر فائرنگ کی۔ مقامی میڈیا نے یہ بھی کہا ہے کہ 3 منٹ تک مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد حملہ آور مرکزی دروازے سے باہر نکلا، جہاں اس نے گاڑیوں پر بھی فائرنگ شروع کر دی۔ شہر میں تمام مساجد، سکول اور چرچ بند کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، دہشتگردی میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ 

ایک مسجد میں موجود بنگلہ دیشی ٹیم کو محفوظ مقام منتقل کر دیا گیا۔ کپتان تمیم اقبال کا کہنا ہے بنگلہ دیشی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھاگ کر جان بچائی، مسجد میں موجود ٹیم کے تمام کھلاڑی محفوظ رہے۔ مشفیق الرحمٰن نے کہا کہ ہم بہت خوش قسمت رہے، حملے میں بچ گئے۔
خبر کا کوڈ : 783389
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش