0
Friday 15 Mar 2019 11:24

آزادکشمیر کی سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس

آزادکشمیر کی سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس
اسلام ٹائمز۔ آزادحکومت کی میزبانی میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس جموں و کشمیر ہاوس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کشمیری قیادت نے اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستانی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتیں متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں گی۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان، مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان، سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید، صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری لطیف اکبر، سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عبدالرشید ترابی، پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر عبدالماجد خان، سربراہ جموں و کشمیر لبریشن لیگ جسٹس (ر) عبدالمجید ملک، امیر جماعت اسلامی سردار خالد محمود، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسن ابراہیم خان، صدر جموں و کشمیر پیپلز پارٹی شیخ فضل کریم، صدر جمعیت علما جموں و کشمیر مولانا امتیاز صدیقی و دیگر سیاسی زعماء نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام راہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت متحد اور متفق ہے اور موجودہ حالات کے مطابق اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ اجلاس میں ہندوستانی وزیراعظم کی جانب سے انتخابات میں کامیابی کے لیے خطے میں تشدد پسندانہ، نسلی و مذہبی بنیادوں پر فسادات اور متعصبانہ سوچ کو پروان چڑھا کر ہندو انتہا پسندی کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ نریندر مودی کے جنگی جنون کا نوٹس لے۔ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے جذبہ خیرسگالی اور امن کے لیے اقدامات پر بھرپور حمایت کا یقین دلایا گیا۔ آزادکشمیر کی سیاسی قیادت نے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی افواج کی جانب سے نہتے شہریوں پر کی جانے والی گولہ باری اور شہریوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کاروائی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور استحکام اور پاک سر زمین کے دفاع کے لیے کشمیری عوام اور قیادت کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔
خبر کا کوڈ : 783397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش