0
Friday 15 Mar 2019 14:14

23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں، نواز شریف

23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ نواز شریف نے کارکنوں کو 23 مارچ کو جیل کے باہر جمع ہونے سے روک دیا ہے۔ ‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور سے کارکنوں کے نام پیغام جاری کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی طرف سے میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں نواز شریف نے کہا ہے کہ میں اپنی صحت کے حوالے سے قوم کی فکرمندی، دعاؤں اور نیک تمناؤں کیلئے تہہ دل سے مشکور ہوں۔ نواز شریف نے کہا مسلم لیگ (ن) کے ووٹر، کارکن اور چاہنے والوں نے جس طرح میرے مشکل وقت میں ثابت قدم رہ کر میرا ساتھ نبھایا اور نبھاہ رہے ہیں، اس کی شاید مثال ملنا مشکل ہے، میں آپ سب کی محبت و خلوص اور قربانیوں کا مقروض رہوں گا۔ انہوں نے کہا مجھے علم ہوا ہے کہ میری صحت کے حوالے سے فکرمند اور پریشان کارکن اپنے جذبات کے اظہار کیلئے اکٹھا ہونا چاہتے ہیں اور میرے حق میں آواز اٹھانے کیلئے شاید کوئی احتجاج ترتیب دینا چاہتے ہیں، میں اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں۔ نواز شریف نے کہا جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل کے بعد آپ کی یہی محبت اور جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے، مگر میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں۔

نواز شریف نے کہا صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں، اسی لئے میں نے ملک کے قانون اور انصاف پر مسلسل اعتماد کیا ہے۔ نواز شریف نے کہا مسلم لیگ (ن) ایک ذمہ دار جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ فیصلہ سازی میں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی یا ذاتی مفاد کو پس پشت رکھا اور عجلت سے کام نہیں لیا۔ کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی ہائی کمان کی ہدایات، پارٹی ڈسپلن کا احترام اور پارٹی پلیٹ فارم کا استعمال ضروری ہے، انشاءاللہ کسی بھی امتحان کی صورت میں جماعت کارکنوں کے جذبات کی ترجمانی کرے گی اور ان کی امیدوں پر پورا اترے گی۔ نواز شریف نے کارکنوں سے کہا کہ میں آپ سے التماس کرتا ہوں کہ 23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کریں۔ یاد رہے کچھ دن قبل مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے سوشل میڈیا پر ایک تحریک شروع کر رکھی ہے۔ کارکنوں کی طرف سے 23 مارچ کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر جمع ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی طرف سے "23 مارچ نواز شریف کے ساتھ" کے عنوان سے ٹوئٹر ٹرینڈ بھی شروع کیا گیا ہے۔ کارکنوں کی طرف سے اس تحریک کے اعلان کے بعد مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور کئی سابقہ و موجودہ پارلیمینٹرینز بھی اس کا حصہ بن گئے ہیں۔ خرم دستگیر خان، جاوید لطیف، مطلوب مہدی اور نہال ہاشمی ایسے رہنمائوں میں شامل ہیں جو نوجوانوں کی اس تحریک کے حامی ہیں اور اس حوالے سے ٹویٹس بھی کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 783432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش