0
Friday 15 Mar 2019 16:42

وزیراعظم نے قبائلی ضلع مہمند میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء کردیا

وزیراعظم نے قبائلی ضلع مہمند میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء کردیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کیلئے صحت انصاف کارڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان قبائلی علاقے مہمند ایجنسی پہنچے، گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان سمیت وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم کو انتظامی اصلاحات اور سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ مہمند کے علاقے غلنئی میں وزیراعظم نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں کی روایتیں تبدیل نہیں ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی علاقے اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے ترقی بھی کریں گے، قبائلی علاقے کو پہلے علاقہ غیر کہتے تھے، قبائلی علاقوں میں انضمام کے بعد ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا، طے کیا جا رہا ہے کہ ترقیاتی کاموں پر فنڈز کا کیسے استعمال کیا جائے۔ وزیراعظم نے علاقے کیلئے صحت انصاف کارڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ ایک غریب آدمی کیلئے بڑی نعمت ہے، صحت کارڈ سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے لوگوں کو روزگار اور اعلٰی تعلیم ملے، حکومتی اقدامات سے علاقے کو بڑا فائدہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 783463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش