0
Saturday 16 Mar 2019 10:09

نیوزی لینڈ مساجد حملے پر پاکستان عالمی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرائے، علامہ اقتدار نقوی

نیوزی لینڈ مساجد حملے پر پاکستان عالمی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرائے، علامہ اقتدار نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، وہ انسانیت کے دشمن ہیں، نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر دہشتگردی کے واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ ملتان سے جاری اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکومت پاکستان نیوزی لینڈ کی مساجد میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعات پر نیوزی لینڈ حکومت سمیت عالمی سطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ مساجد میں پیش آنے والے واقعات دنیا بھر میں فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکانے کے مترادف ہیں۔ اگر اس طرح کے واقعات کسی مسلمان ملک میں پیش آتے تو اقوام متحدہ سمیت پورے یورپ نے آسمان سر پر اٹھا لینا تھا، اس ملک پر پابندیوں کا مطالبہ شروع ہو جانا تھا، مگر بدقسمتی سے اب تک اس سانحہ پر اقوام متحدہ کی جانب سے کوئی مذمتی بیان اور ردعمل سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں پیش آنے والے ان دہشتگردی کے واقعات پر نیوزی لینڈ حکومت سے رابطہ کیا جائے اور ان واقعات میں زخمی ہونے والے پاکستانی افراد اور شہداء کی تفصیلات لی جائیں۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ عالمی سطح پر اس دہشتگردی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے، گرفتار ملزمان سے ان واقعات کے پیچھے تمام محرکات اور دہشتگرد گروپ کی تفصیلات معلوم کی جائیں اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 783650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش