0
Sunday 17 Mar 2019 10:49

متاثرین ایل او سی کی بحالی یقینی بنائی جائیگی، راجہ فاروق

متاثرین ایل او سی کی بحالی یقینی بنائی جائیگی، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ حکومت لائن آف کنٹرول سے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی بحفاظت واپسی اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، مشکل حالات میں آزادکشمیر کے لوگوں نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا ہے، بزدل ہندوستانی فوج کی پیٹھ خالی ہے اس لیے وہ نہتے شہریوں پر گولہ باری اور نشانہ زنی کرتی ہے۔ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء اور زخمیوں کے لیے امدادی رقوم میں اضافے کے ساتھ ساتھ دوکانوں اور مکانات کے معاوضہ جات میں بھی خاطرخواہ اضافہ کریں گے۔ عارضی طور پر نقل مکانی کرنیوالے جلد واپس اپنے علاقوں میں جائیں گے ہم وہیں انہیں بنیادی سہولیات فراہم کریں گے، لوگوں کو اس لیے عارضی طور پر منتقل کیا تھا کہ جانی نقصان نہ ہو، کیوں کہ ہندوستانی فوج جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بناتی ہے۔ حکومت پاکستان نے متاثرین لائن آف کنٹرول کی بحالی کے لیے آزادحکومت کی جانب سے بھیجے گئے پانچ ارب روپے کے پیکج سے اتفاق کیا ہے ہم نے اپنے بجٹ سے بھی فوری طور پر تیرہ کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ برنالہ چھمپ سیکٹر کے متاثرین لائن آف کنٹرول کے موئیل میں لگائے گئے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر واقع آبادی کے لیے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، عارضی کیمپوں میں مقیم افراد کی مشکلات کااحساس ہے ہم جتنا بھی کر لیں انہیں گھر جیسا ماحول نہیں دے سکتے، لوگ اپنے علاقوں کو واپس جائیں گے ہم وہاں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ تعلیمی اداروں اور گاوں میں کیمونٹی بنکرز بنائے جائیں گے اور ایل او سی کے قریبی علاقوں میں کیمونٹی کے تعاون سے فرسٹ ایڈ پوسٹیں بنائی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ راجہ فاروق نے کہا کہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی وزیر حکومت احمد رضا قادری کی قیادت میں شاندار کام کر رہی ہے، انتظامیہ نے بھی ہنگامی حالات میں اپنی بھرپور ذمہ داری نبھائی، آئندہ بجٹ میں ایل او سی پر واقع آبادی کی حفاظت اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی پیکج رکھیں گے۔ اس سے پہلے جب وزیراعظم برنالہ پہنچے تو بازار میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 783746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش