0
Sunday 17 Mar 2019 14:42

ن لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنا چاہتی ہے، فواد چودھری

ن لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنا چاہتی ہے، فواد چودھری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کیلئے حکومت نے سروسز ہسپتال کا انتخاب کیا تھا، نواز شریف کو دل، گردوں اور شوگر کی بیماری تھی، پی آئی سی صرف دل کا ہسپتال ہے، اسی وجہ سے انہیں پی آئی سی کی بجائے سروسز ہسپتال داخل کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے نواز شریف پاکستان میں علاج نہیں کرانا چاہتے، جناح، سروسز ہسپتال میں تمام سپیشلسٹ ڈاکٹرز موجود ہیں، پنجاب حکومت نے ایک میڈیکل ٹیم بھی بنائی، ڈاکٹر عارف تجمل کو میڈیکل بورڈ کا ہیڈ بنایا گیا تھا، پھر بھی نواز شریف نے علاج نہیں کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال کی کنسٹریکشن ن لیگ کے دور میں ہوئی، نواز شریف کو اپنے دور میں بنائی کنسٹریکشن بھی پسند نہیں آئی، نواز شریف کو خود گائنی وارڈ کا کمرہ پسند آیا، جس پر ان کی پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے نواز شریف کیلئے پورا وارڈ خالی کرا لیا گیا، پنجاب حکومت نے نواز شریف کو ہر ممکن سہولیات دیں، اس کے باوجود وہ کہتے ہیں پنجاب حکومت ان کا علاج نہیں کروا رہی۔
 
انہوں نے کہا کہ 24 تاریخ کو نواز شریف کی ضمانت کی درخواست مسترد ہوئی، 25 تاریخ کو نواز شریف نے کہا کہ وہ واپس جیل جانا چاہتے ہیں، عمران خان 2013 میں کمپیئن کے دوران سٹیج سے گرے، اس وقت عمران خان کے پاس بھی آپشن تھی کہ وہ باہر جا کرعلاج کراتے، عمران خان کیلئے ائیرایمبولینس بھی تیار تھی، عمران خان نے کہا کہ وہ باہر نہیں پاکستان میں ہی اپنا علاج کرائیں گے، عمران خان کے والد نے بھی اپنا علاج پاکستان میں ہی کرایا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شریف برادران کو اپنے بنائے ہسپتالوں پر ہی اعتبار نہیں، پنجاب کے محکمہ داخلہ کی جانب سے نواز شریف کو خط لکھا گیا جس میں نواز شریف کو مرضی کے ہسپتال میں علاج کی پیشکش کی گئی، اور ساتھ ہی نواز شریف کو اپنی مرضی کے ڈاکٹرز سے بھی علاج کی پیشکش کی گئی، ہم نے باہر سے فزیشن بلانے کی بھی آفر کی۔
 
فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جیل میں منی کارڈیک یونٹ بھی بنا دیا، منی کارڈیک یونٹ میں ہر وقت بہترین فزیشنز موجود ہیں، ن لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنا چاہتی ہے، پنجاب حکومت نواز شریف کی صحت کیلئے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف پر کوئی مقدمہ ہمارا بنایا ہوا نہیں ہے، ججز ہمارے لگائے ہوئے نہیں ہیں، اگر آپ سمجھتے ہیں صحت کے بہانے احتساب کا عمل رک جائے یہ ممکن نہیں، عوام کا پیسہ عوام کے پاس واپس آنا چاہیے، نواز شریف کے پاس تو پلی بارگین کی آپشن بھی موجود ہے، اگر سیاست سیاست کھیلنا ہے تو ن لیگ کی مرضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوازشریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنا چاہتی، میڈیا کہہ رہا ہے کہ اتنا بڑا لیڈر ہے مگر علاج ٹھیک نہیں ہو رہا، ہم بتانا چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو ہر ممکن سہولیات دے رہے ہیں، نواز شریف کہتے ہیں پاکستان میں علاج کی سہولت نہیں، مجھے سمجھ نہیں آتی وہ کس پر تنقید کر رہے ہیں؟ ہم سمجھ رہے ہیں کہ نوازشریف کیا چاہتے ہیں؟ فواد چودھری نے مزید کہا کہ جو تجربہ ہمارے ڈاکٹرز کے پاس ہے وہ دنیا میں کہیں نہیں۔
خبر کا کوڈ : 783787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش