QR CodeQR Code

فتح جنگ سے تین روز قبل اغواء ہونیوالے دو اوورسیز ڈاکٹرز قتل کر دیئے گئے

18 Mar 2019 11:35

امریکی شہریت رکھنے والے مقتول ڈاکٹر طاہر عزیز اور ڈاکٹر افتخار اراضی کے تنازع پر مقدمے کی پیروی کے لئے پاکستان آئے تھے۔ پولیس نے قتل کے الزام میں 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے ضلع اٹک سے 2 ڈاکٹرز کی لاشیں ملی ہیں۔ مقتولین کو نامعلوم افراد نے 3 روز قبل اغوا کر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق اٹک کے علاقے فتح جنگ گلی جاگیر سے تین روز قبل اغوا ہونے والے دونوں ڈاکٹرز کی لاشیں ڈھوک صوبہ سے ملی ہیں۔ ڈاکٹر طاہر عزیز اور افتخار تین روز قبل اپنے رقبہ گلی جاگیر جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔ دونوں ڈاکٹرز کے اہلخانہ نے نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب دونوں مقتولین کی لاشیں ڈھوک صوبہ سے ملی ہیں جب کہ لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔

دونوں مقتولین کا تعلق اسلام آباد سے تھا اور وہ دارالحکومت میں ہی پریکٹس کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈاکٹروں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی سے وقوعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا۔ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور مقتول ڈاکٹروں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پولیس نے قتل کے الزام میں 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا۔ واضح رہے کہ گلی جاگیر سے اغوا ہونے والے پاکستانی نژاد دو امریکی ڈاکٹر وں کی لاشیں اسمال ڈیم سے ملی ہیں۔ امریکی شہریت رکھنے والے مقتول ڈاکٹر طاہر عزیز اور ڈاکٹر افتخار اراضی کے تنازع پر مقدمے کی پیروی کے لئے پاکستان آئے تھے۔

اٹک کے نواحی گاؤں جتیال میں گزشتہ سال 2 خواتین سمیت 3 بچوں کو ہاتھ پاؤں باندھنے کے بعد گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے اٹک میں ہونے والی اس لرزہ خیز واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی تھی جب کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقتولین کے خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جانے کی ہدایت بھی دی تھی۔ گزشتہ سال فتح جنگ میں 2 بھائیوں کو بھی چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ قتل کی واردات فتح جنگ کے نواحی گاؤں حبیب الرحمان میں پیش آئی تھی۔ جہاں دونوں بھائیوں اسفند یار اور احمد یار کو گھر کے قریب ہی چھریوں کے وار سے قتل کر دیا گیا تھا۔ ڈی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او فتح جنگ، ایس ایچ او فتح جنگ کو فوری واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 783880

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/783880/فتح-جنگ-سے-تین-روز-قبل-اغواء-ہونیوالے-دو-اوورسیز-ڈاکٹرز-قتل-کر-دیئے-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org