QR CodeQR Code

سرینگر میں شاہ فیصل کی پارٹی ’’جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ‘‘ کا باضابطہ اعلان

18 Mar 2019 17:04

تقریب کے موقعہ پر جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلباء یونین کی سابق نائب صدر شہلا رشید، بانڈی پورہ کے حافظ قرآن و پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر غلام مصطفی خان کے علاوہ سکھ اور کشمیری پنڈت لیڈر بھی پارٹی میں شامل ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ نوکری سے استعفٰی دینے والے سابق آئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے اپنی سیاسی پارٹی کے قیام کے ساتھ ہی پہلا جلسہ منعقد کیا۔ سرینگر کے راجباغ علاقے میں ’’پکڑ دھکڑ کے عالم میں اب ہوا بدلے گی، کب ہوا بدلے گی، اب ہوا بدلے گی، رشوت خوری کے عالم میں اب ہوا بدلے گی کے نعروں کے بیچ ‘‘ شاہ فیصل نے اپنی سیاسی جماعت جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ کو رسمی طور پر لانچ کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ جماعت کا قیام عمل میں لانے کا مقصد ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک نئی سیاست دینے کا ہے۔ تقریب کے موقعہ پر جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلباء یونین کی سابق نائب صدر شہلا رشید، بانڈی پورہ کے حافظ قرآن و پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر غلام مصطفی خان کے علاوہ سکھ اور کشمیری پنڈت لیڈر بھی پارٹی میں شامل ہوئے۔ لوگوں کی ایک جمعیت سے خطاب کرتے ہوئے شاہ فیصل نے کہا کہ یہ جماعت کسی مخصوص علاقے یا مذہب کی نہیں ہے بلکہ جموں، لداخ اور کشمیر کے لوگوں کی جماعت ہے اور میرے لئے لداخ کا بدھسٹ، جموں کا ڈوگرہ اور راجوری پونچھ اور کشمیر کا مسلمان بھائی کے برابر ہیں اور آج میں انہیں اس سٹیج سے دوستی کا پیغام بھیجتا ہوں۔

ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ ہماری جماعت مسئلہ کشمیر کا ایک ایسا پُرامن حل چاہتی ہے جو جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہو۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر مسئلے کو ہندوستان اور پاکستان مل کر ہی حل کرسکتے ہیں اور ہم نئی دہلی و اسلام آباد کے درمیان دوریوں کو کم کرنے میں رول نبھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ میں مسئلہ کشمیر حل کرؤں گا لیکن اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ ہم سہولت کار بن سکتے ہیں۔ ڈاکٹر شاہ فیصل نے جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ کے اولین ذمہ داروں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ فیروز پیرزادہ ایک ارب پتی ہیں، بلدیو سنگھ وادی کے بڑے کارڈیلر ہیں، ڈاکٹر مصطفی حافظ ایک حافظ قرآن اور اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، عزیر رونگا نے لندن میں قانون کی تعلیم حاصل کی ہے اور ان کے علاوہ ایڈوکیٹ اقبال طاہر اور راجا محمود میری ٹیم میں شامل ہیں۔

ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ کشمیری پنڈت ہمارے سماج کا حصہ ہیں اور اُن کی گھر واپسی کے بغیر ہماری سیاست ادھوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے سوال کئے جاتے ہیں کہ آپ کے ساتھ کون ہے اور جو لوگ میرے ساتھ شروعات میں جڑے ہیں، انہوں نے بھی کچھ نہ کچھ قربانیاں دی ہیں وہ بھی نوکریاں اور اپنا سب کچھ قربان کر کے اس لئے ہمارے ساتھ جڑ چکے ہیں کیونکہ وہ ریاست کے مصیبت زدہ لوگوں کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ابھی 25 سال کی نوکری تھی اور نوکری میں رہ کر میں کئی اعلٰی عہدوں پر فائض رہ سکتا تھا۔ انہوں نے سٹیج پر بیٹھے اپنے دیگر ساتھوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان سب نے زندگی میں بہت عیش و آرام پیسے شہرت کے علاوہ دھوکے بھی دیکھے، لیکن اب یہ لوگوں کی خدمت کیلئے سامنے آئے ہیں۔

لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے شہلا رشید نے کہا کہ اُن کی جماعت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے زمین ہموار کرنے کی کوشش کرے گی۔ شہلا نے کہا کہ اُن کی یہ کوشش رہے گی کہ کشمیر کی اس سرزمین پر کسی بے گناہ کا خون نہ بہے۔ شہلا رشید نے کہا کہ اُس نے جب بھی ظلم کے خلاف آواز بلند کی تو اُس کے خلاف ایف آئی آر درج کئے گئے۔ شہلا کا کہنا تھا کہ میں ایسے سینکڑوں ایف آئی آر برداشت کرلوں گی لیکن ریاست جموں و کشمیر کے باہر کشمیری تاجروں، طلاب اور دیگر لوگوں پر ہو رہے ظلم کو ہونے نہیں دیں گے۔ شہلا نے کہا کہ اس کے خلاف غداری کے مقدمے درج کئے گئے، گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں لیکن ہم نے مودی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 783964

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/783964/سرینگر-میں-شاہ-فیصل-کی-پارٹی-جموں-کشمیر-پیپلز-مومنٹ-کا-باضابطہ-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org