QR CodeQR Code

پشاور میں ڈکیتی وارداتوں میں اضافے کیخلاف جی ٹی روڈ ہشتنگری پر احتجاجی مظاہرہ

18 Mar 2019 20:03

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سٹی مال گودام روڈ محلہ سکھیرارام، کریم شاہ بخاری، کالورام اور محلہ الفلاح میں سرشام ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں، جس پر تھانہ ہشتنگری پولیس نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سٹی مال گودام روڈ کے مکینوں نے ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے کیخلاف جی ٹی روڈ ہشتنگری پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کیخلاف نعرے بازی کی جبکہ وارداتوں کی عدم روک تھام کی صورت میں جی ٹی روڈ بلاک کرنے کا بھی اعلان کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سٹی مال گودام روڈ محلہ سکھیرارام، کریم شاہ بخاری، کالورام اور محلہ الفلاح میں سرشام ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں، جس پر تھانہ ہشتنگری پولیس نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، اس سلسلے میں تھانہ ہشتنگری پولیس کو کئی بار شکایات بھی کی گئی، لیکن رہزنوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ مظاہرین نے کہاکہ 3 روز قبل بھی سٹی مال گودام روڈ پر راہزنوں نے اسلحہ کی نوک پر مقامی شخص سے موبائل اور نقدی چھین لئے، لیکن ابھی تک باقاعدہ ایف آئی آر درج نہ ہو سکی اور صرف روزنامچہ درج کرنے پر ہی متاثرہ شخص کو ٹرخایا گیا، نہ ہی ملزمان گرفتار ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 784014

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/784014/پشاور-میں-ڈکیتی-وارداتوں-اضافے-کیخلاف-جی-ٹی-روڈ-ہشتنگری-پر-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org