0
Monday 18 Mar 2019 21:52

وزیراعظم سے عثمان بزدار کی ملاقات، اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر گفتگو

وزیراعظم سے عثمان بزدار کی ملاقات، اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے وزیراعظم کو اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے اور مراعات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضی کا اظہار کیا، اور کہا کہ ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کو مدنظر رکھ کر کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورتحال اور انتظامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اور وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلٰی پنجاب کو کفایت شعاری اپنانے اور گورننس بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی، جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامی معاملات میں پارٹی رہنماوں کی مداخلت کا شکوہ کیا اور کہا کہ مداخلت سے فیصلوں پر عملدرآمد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گورننس بہتر بنانے کے لیے تحریک انصاف کے منشور پر عملدرآمد کریں، بطور وزیراعلی انتظامی معاملات اپنے ہاتھ میں رکھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صوبائی کابینہ کی کارکردگی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج کے بارے میں مسلم لیگ (ن)  کے مطالبات پر بھی گفتگو ہوئی، اور وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جیل انتظامیہ اور شریف خاندان سے مسلسل رابطے میں ہے اور سابق وزیراعظم کو صحت کی ہر مکمن سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی نے اپنے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور کیا تھا جس کے تحت ان کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے تک کر دی گئی تھی، وزیراعظم عمران خان نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے گورنر پنجاب محمد سرور کو اراکین اسمبلی پنجاب کی تنخواہوں کی سمری پر دستخط کرنے سے روک دیا تھا اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو طلب کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 784026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش