0
Tuesday 19 Mar 2019 00:49

دو احمدی ڈاکٹروں کے قتل کا معمہ حل، قتل میں ملازم ملوث نکلے

دو احمدی ڈاکٹروں کے قتل کا معمہ حل، قتل میں ملازم ملوث نکلے
اسلام ٹائمز۔ تحصیل فتح جنگ کے علاقے میں دو ڈاکٹروں کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے قتل میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا، تینوں افراد ڈاکٹر افتخار کے ملازم تھے، جو انہوں نے فارم ہاوس کی نگرانی پر رکھے ہوئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق ڈاکٹر افتخار جو امریکا میں قیام پذیر تھے، انہوں نے فتح جنگ میں دس بارہ سال پہلے 48 کنال زمین خریدی تھی، اس زمین پر تین فارم ہاوس بنائے، جس کی رکھوالی کے لیے انہوں نے تین ملازم رکھے ہوئے تھے۔ ڈاکٹر افتخار کے پاس فضل حق نامی ملازم عرصہ دس سال سے کام کر رہا تھا جبکہ باقی دونوں ملازم گل محمد اور ضابط خان جن کا تعلق کے پی کے سے ہے، عرصہ تین سال سے ملازم تھے۔ ڈاکٹر افتخار ایک ماہ قبل امریکا سے واپس آئے تھے اور چودہ مارچ کو اپنے دوست جو چھٹہ بختار اسلام آباد کے رہائشی تھے، کے ہمراہ اپنے فارم ہاوس پر گئے، جہاں تینوں ملازموں نے پہلے ڈاکٹر عزیز کے سر پر گولی ماری اور بعد میں ڈاکٹر افتخار سے اشٹام پیپر پر دستخط کروا کر اسے بھی قتل کر دیا۔

ملزموں نے دونوں ڈاکٹروں کو سمال ڈیم کے مقام پر دفن کرکے زمین برابر کر دی۔ ملازم فضل حق نہیں چاہتا تھا کہ ڈاکٹر افتخار زمین بیچے جبکہ ڈاکٹر افتخار یہ زمین فروخت کرنا چاہتے تھے۔ جس پر فضل الحق نے دیگر ساتھیوں سے ملکر قتل کی گھناونی واردات کی۔ پولیس نے لواحقین کی اغوا کی درخواست پر تحقیقات شروع کیں تو کھرا ملازمین تک پہنچ گیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم فضل حق نے اعتراف کر لیا ہے کہ اس نے دیگر دو ساتھیوں گل محمد اور ضابط خان کی مدد سے دونوں ڈاکٹرز کو زمین ہتھیانے کے لالچ میں قتل کیا، پولیس نے ملزمان سے مذکورہ اشٹام پیپر بھی برآمد کر لیا ہے۔ ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ تھانہ فتح جنگ کی حدود میں پانچ روز قبل قتل ہونے والے دو ڈاکٹروں کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 784043
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش