0
Tuesday 19 Mar 2019 12:01

تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع، 330 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل

تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع، 330 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل
اسلام ٹائمز۔ تھر کول سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی اور 330 میگا واٹ پاور پلانٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی کے موقع پر تھر کول اتھارٹی کے ملازمین نے ایک دوسرے سے گلے مل کر مبارکبادیں دیں اور جشن منایا۔ چیئرمین سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی خورشید جمالی نے کہا کہ تھر میں 330 میگا واٹ بجلی گھر نے پیداوار شروع کردی اور 330 میگا واٹ کا ایک اور یونٹ چند دن میں پیداوار شروع کرے گا۔ خورشید جمالی نے کہا کہ منصوبے پر کام کا آغاز اپریل 2016ء میں ہوا تھا اور 3 جون کو دونوں یونٹس کمرشل پیداوار کا آغاز کریں گے۔

ترجمان اینگرو کول مائنز کمپنی کے مطابق کوئلے سے بجلی بنانے کا ٹارگٹ ہدف سے تین ماہ قبل حاصل کرلیا، ابتدائی طور پر 330 میگا واٹ بجلی بنا کر نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل کردی ہے، بجلی کی پیداوار کو مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔ ترجمان اینگرو کول مائنز کمپنی نے کہا کہ تھر کے 21 ہزار مربع کلو میٹر رقبے میں سے 9300 اسکوائر کلو میٹر اراضی میں کوئلہ موجود ہے، تھر میں پائے جانے والے 175 ارب ٹن کوئلے کے ذخائر دنیا کا چوتھا بڑا ذخیرہ ہے اور صرف بلاک ٹو میں کوئلے کی مقدار 2 ارب ٹن ہے۔

دوسری جانب وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے بھی پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ کے عوام کو مبارک باد دی ہے۔ یاد رہے کہ تھرکول منصوبے کا آغاز 2011ء میں سندھ حکومت اور نجی کمپنیوں کے اشتراک سے ہوا اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد 2020ء تک دو ہزار میگاواٹ بجلی کی پیدوار شروع ہوجائے گی۔ ماہرین کے مطابق تھر میں دریافت ہونے والا 20 سے 30میٹر کثافتی کوئلہ پاکستان کی صدیوں کی ضررویات کیلئے کافی ہے، ایک وقت میں اس سے چار روپے فی یونٹ بجلی کے ساتھ ساتھ دیگر بہت سی ضروریات باآسانی پوری کی جا سکتی ہیں، جبکہ کوئلے سے زمین کے اندر گیس، ڈیزل اور پیٹرول کا متبادل بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 784114
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش