QR CodeQR Code

جعلی اکاؤنٹس کیس، زرداری اور بلاول کی آج نیب کے سامنے پیشی

20 Mar 2019 11:14

نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سوالنامہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے حوالے کرے گی۔ 124 سوالات پارک لین کمپنی سے متعلق ہوں گے، جس میں اربوں روپے کی جعلی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ پارک لین کمپنی کی 2008ء کی دستاویز پر آصف زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش میں نیب کے نوٹس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ گئے، آج نیب کے سامنے پیش ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے زرداری گروپ آف کمپنیز کے 4 جعلی اکاؤنٹس سے تعلق کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پارک لین کمپنی اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری کے ہمراہ کچھ دیر بعد نیب تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سوالنامہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے حوالے کرے گی۔ 124 سوالات پارک لین کمپنی سے متعلق ہوں گے، جس میں اربوں روپے کی جعلی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ پارک لین کمپنی کی 2008ء کی دستاویز پر آصف زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط ہیں۔ سابق صدر اور ان کے بیٹے بلاول بھٹو سے پارک لین اسٹیٹس کی طرف سے ڈیڑھ ارب روپے کا قرض فرنٹ کمپنی میسرز پارتھنن کے ذریعے نیشنل بینک اور سمٹ بینک سے لینے اور اس قرض کو 2.8 ارب تک ری اسٹرکچر کرانے سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ آصف زرداری اور بلاول سے پارک لین اسٹیٹس میں شئیر ہولڈر ہونے کے بارے میں بھی سوالات کئے جائیں گے۔

ادھر نیب حکام کی درخواست پر پولیس نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی نیب راولپنڈی میں پیشی پر سکیورٹی پلان تیار کرلیا۔ نیب راولپنڈی دفتر کے باہر 550 اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ رینجرز اہلکار بھی معمول کے گشت پر ہیں۔ ایس پی سٹی کو نیب راولپنڈی کا سکیورٹی انچارج مقرر کیا گیا۔ فیض آباد نادرا چوک پر بھی پولیس اہلکار تعینات ہیں، پیپلزپارٹی کارکنوں کو آبپارہ کے قریب روکا جائے گا۔ مصطفٰی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو 11 بجے نیب میں پیشی کا نوٹس ملا ہے، ہم 11 بجے سے پہلے نیب آفس پہنچ جائیں گے۔ نیر بخاری کا کہنا تھا ہم نے پورے پاکستان سے کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کے لئے نہیں کہا، صرف اسلام آباد اور راولپنڈی کے کارکنوں کو نیب آفس پہنچے کے لئے کہا ہے، پولیس نے ہمارے کارکنوں کو نادرا چوک پر روک دیا ہے، اگر پولیس نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو حالات کی ذمہ دار پولیس انتظامیہ ہوگی۔
 


خبر کا کوڈ: 784244

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/784244/جعلی-اکاؤنٹس-کیس-زرداری-اور-بلاول-کی-ا-ج-نیب-کے-سامنے-پیشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org