1
Wednesday 20 Mar 2019 19:12

انتہا پسندی کسی بھی شکل میں قابل مذمت ہے، آئی ایس او پاکستان

انتہا پسندی کسی بھی شکل میں قابل مذمت ہے، آئی ایس او پاکستان
اسلام ٹائمز۔ بہاولپور میں طالبعلم کے ہاتھوں پروفیسر کا قتل قابل مذمت عمل ہے، طلبہ برادری اس انتہا پسندانہ عمل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس او پاکستان کے مرکزی ترجمان جلال حیدر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جلال حیدر نے مزید کہا جامعات میں بڑھتی ہوئی شدت پسندانہ سوچ پاکستان کیلئے زہر قاتل ہے، انہوں نے پاکستان میں شدت پسندی کے جڑ پکڑنے کی وجہ اہلِ علم اور دانشوروں کی طرف سے بوجوہ اس کو فکری اور نظریاتی سطح پر بطور ایک علمی اور فکری چیلنج کے قبول نہ کرنا قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشتگردی خواہ کسی بھی طرح کی ہو، وہ ملک اور معاشرے کیلئے تباہ کن ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کا انتہا پسندانہ کارروائیوں میں ملوث ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے کا باشعور طبقہ بھی انتہا پسندی، تخریب کاری اور شدت پسندی کی جانب مائل ہو رہا ہے، جامعات و تعلیمی درسگاہوں میں ہر سطح پر تحمل اور برداشت کو فروغ دینے کیلئے نصاب میں اخلاقی اور معاشرتی اقدار کو حصہ بنا کر طلباء و طالبات کے مابین مکالمے اور مباحثے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر باشعور شہری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے ملک اور وطن کیلئے یہ فریضہ انجام دے اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے۔ جلال حیدر کا کہنا تھا ملک میں قانون کے ہوتے ہوئے اس طرح کے گھناونے واقعات معاشرے کیلئے خطرے کی گھنٹی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 784264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش