0
Wednesday 20 Mar 2019 20:58

شکارپور پولیس کا داعش سندھ پر کاری وار، ہلاک امیر کے 4 قریبی ساتھی گرفتار

شکارپور پولیس کا داعش سندھ پر کاری وار، ہلاک امیر کے 4 قریبی ساتھی گرفتار
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا، شکارپور پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے داعش سندھ کے چار دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا، گرفتار دہشتگرد 28 فروری کو پولیس کارروائی میں ہلاک ہونے والے کالعدم دہشتگرد تنظیم داعش سندھ کے امیر حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کا بدلہ لینے کیلئے دہشتگردی کی منصوبہ بنا رہے تھے، گرفتار دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ شکارپور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کارروائی میں داعش سندھ کے چار دہشتگردوں عبدالحکیم بنگلانی، عبدالشکور لُنڈ، اسحاق جعفری اور فاروق سومرو کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار دہشتگرد 28 فروری کو بلوچستان کے علاقے ڈاڈر میں پولیس کارروائی میں ہلاک ہونے والے داعش سندھ کے امیر حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کا بدلہ لینے کیلئے کارروائی کرنا چاہتے تھے، دونوں دہشتگرد حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی سندھ اور بلوچستان میں دہشتگردی کے کئی سانحات میں ملوث تھے۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ نے بتایا کہ گرفتار چاروں دہشتگرد داعش سندھ کے سربراہ حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کے قریبی ساتھی ہیں، گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے 2 عدد پریشر ککر بم، 35 دستی بم، 20 کلو بارودی مواد، 2 عدد ٹی ٹی پستول، تین عدد وائرلیس سیٹ، بم بنانے کے استعمال میں آنے والا دیگر سامان اور 11 ہزار افغان کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ عرفان بلوچ نے بتایا کہ گرفتار چاروں دہشتگرد حفیظ اور عبداللہ کے سہولت کار اور حملہ آوروں کو دهماکے کی جگہ پہنچاتے تهے۔  ڈی آئی جی لاڑکانہ نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد 2009ء اور 2013ء میں سابق ایم این اے ڈاکٹر ابراہیم جتوئی پر ہونے والے بم حملے، 2013ء میں پیر آف قمبر شدادکوٹ حسین شاہ پر جیکب آباد میں ہونے والے ریمورٹ کنٹرول بم حملے میں ملوث تهے۔ عرفان بلوچ نے بتایا کہ گرفتار چاروں دہشتگرد شکارپور کی درگاہ حاجن شاہ پر ہونے والے دھماکے میں بهی ملوث تهے، جس می 8 افراد شہید اور 14 زخمی ہوئے تهے، 2015ء میں امام بارگاہ کربلا معلیٰ شکارپور میں ہونے والے حملے میں بھی ملوث تهے، جس میں 70 سے زائد افراد شہید اور 150 زخمی ہوئے تهے۔

عرفان بلوچ نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد 2015ء میں نو محرم کے جلوس میں خودکش حملے میں بھی ملوث تھے، جس میں 28 افراد شہید اور 14 کمسن بچے زخمی ہوگئے تهے، 2016ء کے دوران خانپور کی عیدگاہ میں دوران نماز عیدالفطر خودکش حملے میں بھی ملوث تھے، جس میں ایک خودکش بمبار عثمان پٹهان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ عرفان بلوچ نے بتایا کہ داعش سندھ کا حفیظ بروہی نیٹ ورک سیہون بم دھماکہ، خفیہ ایجنسی کمپلیکس سکهر بم دھماکہ، درگاہ شاہ نورانی بلوچستان میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں بھی ملوث تھے، گذشتہ پانچ برس سے اس نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے کوشش کی جا رہی تهی۔
خبر کا کوڈ : 784334
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش