0
Thursday 21 Mar 2019 10:46

حراستی قتل مہذب دنیا کے ماتھے پر بدنما داغ ہے، مزاحمتی خیمہ

حراستی قتل مہذب دنیا کے ماتھے پر بدنما داغ ہے، مزاحمتی خیمہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م)، لبریشن فرنٹ، نیشنل فرنٹ، محاذ آزادی، مسلم پولٹیکل لیگ، تحریک کشمیر، مسلم کانفرنس، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس، تحریک استقلال، تحریک استقامت اور ینگ مینز لیگ نے جواں سال استاد رضوان پنڈت کی زیر حراست ہلاکت کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ظلم اور تشدد کو ہتھیار بنا کر نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور آئے روز کشمیر میں خون ناحق کا رقص جاری ہے جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ حریت کانفرنس (م) نے رضوان پنڈت کی زیر حراست ہلاکت کو ایک سنگین انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کو چند روز قبل گرفتار کرکے انٹروگیشن سنٹر کارگو کی تحویل میں دیا گیا جہاں اُسے سخت جسمانی اور ذہنی ٹارچر کے ذریعے جاں بحق کردیا گیا۔

حریت کانفرنس (م) کے بیان میں بشری حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس اور ادراک کریں اور نہتے کشمیریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ مہلوک نوجوان کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ پوری ستم رسیدہ قوم غمزدہ ہے اور تحریک حق خودارادیت کو آگے بڑھانے اور اُسے پایہ تکمیل تک لیجانے کیلئے پُرعزم ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں خوف و دہشت کا عالم پیدا کیا گیا ہے اور کشمیر کے طول و عرض میں گرفتاریوں، کریک ڈاؤن اور ہراسانیوں کا جو لامتناہی سلسلہ شروع کیا گیا ہے اس سے نوجوانوں میں عدم تحفظ کی لہر دوڑ گئی ہے جو حد درجہ تشویشناک ہے۔
خبر کا کوڈ : 784382
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش