0
Thursday 21 Mar 2019 11:15

قراقرم یونیورسٹی گلگت نے نقل مافیا سے چھٹکارا پانے کیلئے پاک فوج سے مدد طلب کرلی

قراقرم یونیورسٹی گلگت نے نقل مافیا سے چھٹکارا پانے کیلئے پاک فوج سے مدد طلب کرلی
اسلام ٹائمز۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاءاللہ شاہ نے کہا ہے کہ قراقرم یونیورسٹی کے زیراہتمام ہونے والے امتحانات میں ناجائز ذرائع کے استعمال اور نقل پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس سلسلے میں جامع حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے۔ امتحانات میں نقل کی روک تھام میں ناکام ہونے والے نگران عملہ سمیت نقل کرنے والے طلباء کے خلاف موقع پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے نگران عملہ کو آئندہ کسی قسم کے امتحانات لینے کے لیے نااہل قرار دیا جائیگا۔ مستقبل کے معماروں کو نقل جیسے زہر کھلانے والے بوٹی مافیا کو شکست دیکر دم لیں گے۔ وائس چانسلر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ امتحانات کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کے لیے ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر محمد رمضان کی سربراہی میں چار رکنی بڑی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جس میں پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد، پروفیسر سید معظم نظامی اور کنٹرولر امتحانات محمد عارف شامل ہونگے۔

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ہم نے پانچ ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جو مختلف اضلاع میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کریں گی۔ پانچ ذیلی کمیٹیوں میں یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ اور اسٹاف سمیت مختلف سکولو ں کے ذمہ دار افراد شامل ہونگے۔ کمیٹیاں مثالی امتحانات کے لیے کام کرینگی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ امتحانی سنٹرز میں ڈیوٹی پر تعینات سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر عملہ امتحانی سنٹر کو نقل جیسی لعنت سے پاک بنانے کے ذمہ دار ہیں۔ آنے والے امتحانات مثالی اور مستقبل کے نوجوانوں کی نقل کی لعنت سے چھٹکارہ دلانے کیلئے پاک فوج سے بھی باضابطہ مدد طلب کرلی ہے۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود جو انتہائی علم دوست اور یونیورسٹی کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، انہیں باقاعدہ مراسلہ لکھ دیا ہے کہ امتحانات کے دوران بوٹی مافیا کے خلاف کارروائی میں مدد کیلئے تعاون کریں۔ ہمیں امید ہے کہ فورس کمانڈر صاحب اس اہم قومی کاز میں ہمارا ساتھ دیں گے۔
 
 
خبر کا کوڈ : 784398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش