0
Thursday 21 Mar 2019 13:12

مشال خان قتل کیس، پی ٹی آئی کونسلر عارف اور اسد کو عمر قید کی سزا

مشال خان قتل کیس، پی ٹی آئی کونسلر عارف اور اسد کو عمر قید کی سزا
اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے مشال خان قتل کیس میں گرفتار پی آئی آئی کے کونسلر عارف اور اسد کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مشال قتل کیس میں گرفتار چار ملزمان کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے کونسلر عارف اور اسد کو عمر قید کی سزا سنائی جبکہ ملزم صابر مایار اور اظہار کو بری کردیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کا فیصلہ 12 مارچ کو محفوظ کیا تھا، فیصلہ سنانے کیلئے 16 مارچ کی تاریخ مقررکی گئی تھی۔ بعدازاں عدالت نے ملزمان کے خلاف فیصلہ موخر کرتے ہوئے 21 مارچ کو سنانے کا حکم دیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں مشال خان کے والد اور دیگر 46 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیئے گئے، عدالت میں گذشتہ سماعت کے دوران دونوں فریقین کے وکلاء نے دلائل مکمل کئے تھے۔ عدالت نے مشال خان قتل کیس میں وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 7 فروری 2018ء کو ایبٹ آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھی مشال خان قتل کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں 58 گرفتار ملزمان سے ایک ملزم عمران کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے 5 ملزمان میں سے فضل رازق، مجیب اللہ، اشفاق خان کو عمر قید جبکہ ملزمان مدثر بشیر اور بلال بخش کو عمر قید کے ساتھ ایک، ایک لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزائیں سنائیں تھیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اپنے فیصلے میں 25 دیگر ملزمان کو ہنگامہ آرائی، تشدد، مذہبی منافرت پھیلانے اور مجرمانہ اقدام کیلئے ہونے والے اجتماع کا حصہ بننے پر 4، 4 سال قید جبکہ 26 افراد کو عدم ثبوت پر بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ واضح رہے کہ مردان کی عبدالولی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے مشال خان کو 13 اپریل 2017ء کو طالب علموں کے جم غفیر نے یونیورسٹی کمپلیکس میں اہانت مذہب کا الزام عائد کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گولی مار کر قتل کردیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 784408
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش