QR CodeQR Code

ملک میں رواں سال پولیو وائرس کا چھٹا کیس سامنے آگیا

21 Mar 2019 20:35

وزیرِاعظم کے مشیر برائے پولیو کا کہنا ہے کہ بچے کو باقاعدہ سے پولیو کے قطرے پلائے جاتے رہے ہیں، مختلف شہروں کی سیوریج لائنوں سے لئے جانیوالے نمونوں میں انکشاف ہوا ہے کہ پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں رواں برس پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں مالی سال سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 6 ہوگئی۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا ہے مذکورہ پولیو وائرس کا کیس صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں سامنے آیا ہے۔ ضلع خیبر کے ایک 12 ماہ کے بچے کے اندر پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ رواں برس خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی۔ وزیرِاعظم کے مشیر برائے پولیو بابر بن عطا کا کہنا ہے کہ بچے کو باقاعدہ سے پولیو کے قطرے پلائے جاتے رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی شہر میں بھی پولیو کا ایک کیس سامنے آیا تھا اور ان دونوں نئے کیسز کے ساتھ رواں برس سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ ان 6 کیسز میں سے 3 خیبر پختونخوا سے سامنے آئے ہیں جن میں ایک خیبر، ایک باجوڑ جبکہ ایک ہنگو میں رجسٹرڈ کیا گیا۔ بابر بن عطا نے مزید بتایا کہ مختلف شہروں کی سیوریج لائنوں سے لئے جانے والے نمونوں میں انکشاف ہوا ہے کہ پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔ ضلعی محکمہ صحت کے مطابق نومبر اور دسمبر 2018ء میں پولیو وائرس کے 4 کیسز درج ہوئے تھے جبکہ جنوری 2019ء میں ایک کیس سامنے آیا تھا۔ محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ مذکورہ پولیو کیسز میں سے ایک بچہ انتقال کر چکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 784472

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/784472/ملک-میں-رواں-سال-پولیو-وائرس-کا-چھٹا-کیس-سامنے-آگیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org