0
Thursday 21 Mar 2019 23:54

ملک دشمنوں کو یکجا ہوکر ہی شکست دی جا سکتی ہے، ثروت اعجاز قادری

ملک دشمنوں کو یکجا ہوکر ہی شکست دی جا سکتی ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کرنے والے یہودیوں کے ایجنٹ مسلم ممالک کو کمزور کرنے کے فارمولے پر گامزن ہیں، نظریہ پاکستان کا تحفظ ہر حال میں کرینگے، دو قومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے، یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان سنی تحریک کے تحت ملک بھر میں پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالی جائینگی۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کے عوام اسلام کے قلعے کو مضبوط و مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے، انتشار کی سیاست کسی کے مفاد میں نہیں، ملک دشمنوں کو یکجا ہوکر ہی شکست دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ نظریہ پاکستان کی جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، پاکستان کی حفاظت کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا ہے، مہنگائی اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر نے غریبوں کو مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران و اپوزیشن عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے توانائی صرف کریں، عوام کی خدمت نہ کرنیوالوں اور دعوؤں سے کام چلانے والوں کا عوام احتساب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ سے ایوانوں میں پہنچ کر عوام کی خدمت نہ کرنا بھی خیانت اور کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ہیں اور پاکستان کی سلامتی کیلئے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں، پوری قوم کو پاک فوج کی صلاحیتوں اور قربانیوں پر فخر ہے۔
خبر کا کوڈ : 784515
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش