0
Friday 22 Mar 2019 19:34
اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے نئے طریقے ڈھونڈنے ہونگے

اسرائیل کے سوا ملائیشیا کا کوئی دشمن نہیں، ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد

اسرائیل کے سوا ملائیشیا کا کوئی دشمن نہیں، ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد
اسلام ٹائمز۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ اسلام سے نفرت کا مقابلہ طاقت سے نہیں، بلکہ محبت سے کرنا ہوگا، اسرائیل کے سوا ملائیشیا کا کوئی دشمن نہیں، ہم نے کبھی کسی قسم کے اسرائیل سے تعلقات نہیں رکھے، پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ پاکستان آنے پر بہت خوش ہوں اور اس کی ترقی میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، عمران خان سے معاشی تعلقات کے فروغ اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے کیا خرید و فروخت کر سکتے ہیں، اس دورے سے ایک دوسرے کو سمجھنے اور تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

مہاتیر محمد نے کہا کہ عمران خان کی طرح ہمیں بھی کرپشن پر بہت تشویش ہے، اسلامی ممالک غریب نہیں بلکہ کرپشن کی وجہ سے غریب ہو جاتے ہیں، اسی لیے ملائیشیا میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کرپشن کے خاتمے کیلئے معلومات کا تبادلہ کیا جا سکتا ہے، دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی فروغ دینا ہوگا، آج ایک مسلم ملک بھی ترقی یافتہ نہیں۔ مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ کا واقعہ مسلمانوں سے نفرت، خوف اور دشمنی کی وجہ سے پیش آیا، میڈیا اور کچھ لوگوں نے مسلمانوں سے نفرت پھیلائی، لیکن انتقام اور لڑائی جھگڑے سے اس نفرت کا مقابلہ نہیں کرنا ہوگا، بلکہ لوگوں کے دل و دماغ جیتنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے نئے طریقے ڈھونڈنے ہوں گے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تجارت کا فروغ چاہتے ہیں، تاجروں کیلئے مواقع پیدا کرنا بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے سوا ملائیشیا کا کوئی دشمن نہیں، ہم نے کبھی کسی قسم کے اسرائیل سے تعلقات نہیں رکھے، اسرائیل کے سوا ملائیشیا کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں اور ہم دوسرے ممالک سے نہ صرف اچھے تعلقات چاہتے ہیں، بلکہ تجارت میں بھی اضافہ چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 784636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش