QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، آرمی چیف کا عنایت اللہ ٹائیگر کیلئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان

22 Mar 2019 21:11

عنایت اللہ مصنوعی ٹانگ لگنے کے بعد ایک بار پھر میدان میں آگئے، جس پر حکومت نے انکی خدمات کے اعتراف میں سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نواز رکھا ہے۔ کئی بار موت کا انتہائی قریب سے سامنا کرنیکے باوجود عنایت اللہ اپنے شعبے سے بے انتہا لگن رکھتے ہوئے ایک بار پھر انسانی زندگیاں بچانے کے عمل کا آغاز کرچکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ممبر عنایت اللہ کیلئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔ آرمی چیف کی جانب سے بی ڈی ایس کے رکن کیلئے انسانی زندگیوں کو بچانے کیلئے بڑی قربانی کے اعتراف میں اس انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔ 2015ء میں تمغہ شجاعت حاصل کرنے والے عنایت اللہ ٹائیگر ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے بی ڈی ایس یونٹ کا حصہ ہیں، انہوں نے 300 بموں، 5 خودکش جیکٹوں اور دھماکے سے بھری 3 گاڑیوں کو ناکارہ بنایا جس کے دوران وہ متعدد بار زخمی بھی ہوئے۔ عنایت اللہ کی 2014ء میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کے عمل کے دوران ایک ٹانگ ضائع ہوگئی جسے حال ہی میں مصنوعی ٹانگ سے تبدیل کیا گیا ہے۔ عنایت اللہ مصنوعی ٹانگ لگنے کے بعد ایک بار پھر میدان میں آگئے، جس پر حکومت نے ان کی خدمات کے اعتراف میں سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نواز رکھا ہے۔ کئی بار موت کا انتہائی قریب سے سامنا کرنے کے باوجود عنایت اللہ اپنے شعبے سے بے انتہا لگن رکھتے ہوئے ایک بار پھر انسانی زندگیاں بچانے کے عمل کا آغاز کرچکے ہیں۔ ڈی آئی خان کی عوام اور محکمہ پولیس نے ان کی بہادری کو دیکھتے ہوئے انہیں ٹائیگر کا لقب دے رکھا ہے۔


خبر کا کوڈ: 784656

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/784656/ڈی-آئی-خان-ا-رمی-چیف-کا-عنایت-اللہ-ٹائیگر-کیلئے-5-لاکھ-روپے-انعام-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org