0
Saturday 23 Mar 2019 11:16

وزیراعلٰی بلوچستان کی زیرصدارت اعلٰی سطحی اجلاس، 25 ارب کے ترقیاتی پیکج کی منظوری

وزیراعلٰی بلوچستان کی زیرصدارت اعلٰی سطحی اجلاس، 25 ارب کے ترقیاتی پیکج کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہ اعلٰی سطحی اجلاس میں پچیس ارب روپے کی لاگت کے کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل شہر کی مختلف سڑکوں کی توسیع اور تعمیر و مرمت کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کو منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کے آغاز اور مقررہ مدت کے اندر معیار کے مطابق تکمیل کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے، کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل منصوبوں کی تکمیل سے ایک جانب تو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا تو دوسری جانب ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور بہاؤ میں بہتری آئے گی اور ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں وفاقی حکومت کی گرانٹ شامل ہے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی خطیر فنڈز مختص کئے ہیں، کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی جوکہ ترقیاتی پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی ہیں، نے اجلاس کو پیکج میں شامل جاری منصوبوں کی پیشرفت اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پیکج کے جاری منصوبوں میں پانچ ارب روپے کی لاگت سے جوائنٹ روڈ کی توسیع و تعمیر اور 4.814 ارب روپے کی لاگت سے سبزل روڈ کی توسیع و تعمیر اور بہتری کے منصوبے شامل ہیں، جن کے لئے فنڈز صوبائی حکومت نے فراہم کئے ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومت کے فنڈز سے نئے منصوبوں میں سریاب روڈ پر 13.9ارب روپے کی لاگت سے دوکلومیٹر طویل فلائی اوور کی تعمیر، مغربی اور مشرقی بائی پاس کو منسلک کرنے کے لئے مختلف مقامات پر نئی سڑکوں کی تعمیر، 40کروڑ روپے کی لاگت سے لنک بادینی روڈ کو دو رویہ بنانے، 50 کروڑ روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ کے لئے متبادل سڑک کی تعمیر، 1.1 ارب روپے کی لاگت سے سبزل روڈ کی توسیع، 2.7 ارب روپے کی لاگت سے ہزارہ ٹاؤن مغربی بائی پاس سے مشرقی بائی پاس کو منسلک کرنے کے لئے سڑک کی تعمیر، 80کروڑ روپے کی لاگت سے سریاب روڈ ریڈیو اسٹیشن سے مغربی بائی پاس کو منسلک کرنے کے لئے سڑک کی تعمیر، 50کروڑ روپے کی لاگت سے مغربی بائی پاس تا قمبرانی روڈ کی تعمیر اور 2.4 ارب روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ روڈ کی توسیع اور بہتری کے منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج کو شہر کی بہتری اور شہریوں کو آمدورفت کی جدید سہولتوں کی فراہمی کی جانب اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے کہا کہ مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے اور عدم توجہی کے باعث کوئٹہ شہر طویل عرصہ سے گوناگوں مسائل کا شکار رہا ہے، بالخصوص بڑھتی ہوئی آبادی سے ٹریفک کے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے تعطل کے شکار کوئٹہ ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد سے مسائل حل ہوں گے، اور کوئٹہ ترقیاتی پیکج شہر کے لئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا جس سے معاشی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل ہرقسم کی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرکے انہیں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ 
 
خبر کا کوڈ : 784738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش