0
Saturday 23 Mar 2019 12:05

ملک بھر میں 23 مارچ یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں 23 مارچ یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں آج قومی جوش و جذبے سے یوم پاکستان منایا جارہا ہے، یہ دن 23 مارچ 1940ء کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ رواں برس آج کے دن کی اہمیت بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب کے باعث دوچند ہوگئی ہے۔ آج کے دن کی مناسبت سے ملک کے تمام سرکاری اور نجی ریڈیو اسٹیشنز اور ٹی وی چینلز یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کر رہے ہیں۔

توپوں کی سلامی اور ملکی بقا و سلامتی کی دعائیں
یوم پاکستان کی مناسبت سے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، اس کے علاوہ ملک میں آباد دیگر اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

’انتہاپسندی اور دہشتگردی پر قابو پالیا‘
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے مسائل پر کامیابی سے قابو پا لیا ہے، تاہم ہمیں ملک کو سماجی اور اقتصادی لحاظ سے مستحکم بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔

’آج کشمیری بھائیوں کوفراموش نہیں کرناچاہیے‘
یوم پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ایک ایسے معاشرے کے قیام کیلئے پُرعزم ہے جہاں ہر کوئی اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق ملک کی سماجی واقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دن کے موقع پر ہمیں اپنے ان کشمیری بھائیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، جو طویل عرصے سے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کانشانہ بن رہے ہیں اور مصائب و مشکلات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

’مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی‘
یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی۔ جس کے بعد مسلح افواج کی جانب سے پھول چرھائے گئے اور شاعر مشرق کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

مرکزی تقریب ’مسلح افواج کی پریڈ‘
یوم پاکستان کی مناسبت سے سب سے اہم تقریب مسلح افواج کی پریڈ اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اہم سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات شریک ہیں۔ یوم پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں، جبکہ آذربائیجان کے وزیر دفاع، بحرین کی فوج کے سربراہ، سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی تقریب میں شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 784744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے