0
Sunday 24 Mar 2019 21:11

اسرائیل کو تسلیم کرنیکی حکومتی پالیسی ریاست مدینہ کے دعوے کی نفی ہے، لیاقت بلوچ

اسرائیل کو تسلیم کرنیکی حکومتی پالیسی ریاست مدینہ کے دعوے کی نفی ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دستور کی اسلامی بنیادوں کو ختم کرنے والی سیکولر قوتوں کو ناکام بنانے کے ساتھ اپوزیشن کے ساتھ ملکر اٹھارویں ترمیم کی حفاظت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ ہر چیز پر بھاری ہوتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے پارلیمنٹ اور اسمبلیاں اپنا وجود اور اہمیت کو کھوتی جا رہی ہیں، اسرائیل، بھارت اور امریکا گٹھ جوڑ کے ذریعے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کی جا رہی ہے، پاکستان سمیت امت مسلمہ ایسی کسی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیگی، آج دشمن قوم کو فرقوں و مسالک کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے، جماعت اسلامی نے رابطہ عوام مہم کے ذریعے پچاس لاکھ افراد تک اپنی دعوت پہنچانے کا ہدف بنایا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے تحت منصورہ ہالا میں منعقدہ ذمہ داران کے تین روزہ اجتماع کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ریاست مدینہ کی بات کی، تب ہم نے اس کا خیر مقدم کیا، مگر ان کی قادیانی نوازی سے لیکر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی پالیسیاں ان کے تمام دعوؤں کی نفی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومتی وزراء احتسابی عمل کو سبوتاژ اور اپنی زبان سے آگ برسانے کا کام کر رہے ہیں، اسرائیل کو تسلیم، بدتہذیبی کو عام کیا جا رہا ہے، آٹھ مارچ کو عورت مارچ میں عورتوں کے حقوق کے نام پر عورت کا استحصال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ایک بار پھر مساجد، مدارس اور منبر و محراب کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، سابق آمر مشرف نے اسی ایکشن پلان کی آڑ کے تحت 75 ہزار انسانوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ہوش کے ناخن لے، ملک آج جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، اس میں قومی وحدت کیلئے اعتماد سازی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، ستر سال سے بھارت کی قابض فوج انہیں طاقت کے زور پر زیر نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں ذلت سے دوچار ہے، اب وہ روس کی طرح عزت کے ساتھ افغانستان سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 784962
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش