QR CodeQR Code

لوگوں کو اجتماعی طور سزا دینا بھارتی حکومت کی نئی پالیسی ہے، محبوبہ مفتی

25 Mar 2019 08:41

نوجوانوں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھاجپا کی قیادت والی حکومت کا جموں و کشمیر میں ان جابرانہ اقدامات کا مقصد رائے دہندگان کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف زعفرانی جماعت کتنی سخت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ سیاسی مکانیت کا گلا دبانا اور لوگوں کو اجتماعی طور پر سزا دینا کشمیر کے تئیں بھارتی حکومت کی نئی پالیسی ہے۔ نوجوانوں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھاجپا کی قیادت والی حکومت کا جموں و کشمیر میں ان جابرانہ اقدامات کا مقصد رائے دہندگان کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف زعفرانی جماعت کتنی سخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ ایک طرف بھارتی حکومت یہ دعوی کرتی ہے کہ اُس نے جنگجوؤں کے ہتھیار ڈال کر مین اسٹریم میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک بازآبادکاری اسکیم شروع کی ہے اور دوسری طرف جماعت اسلامی اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ جیسی جماعتوں، جنہوں نے متشدد طریقہ کار اپنانے کو واشگاف طور پر رد کیا ہے اور اِس سے خود کو دور رکھا، پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ مسئلہ کشمیر کو سیاسی طور حل کرنے کیلئے پرعزم ہے اور جماعت اسلامی ایک سماجی و مذہبی تنظیم ہے جو اسکول اور یتیم خانے ریاست بھر میں چلارہی ہیں، ایسے جابرانہ اقدامات سے پہلے ہی سے محدود سیاسی مکانیت سکڑ جائے گی اور لوگوں میں بیگانگی اور محرومی کی سطح میں اضافہ کرے گی۔ محبوبہ مفتی نے موجودہ انتخابات کو مستقبل کی تاریخ کا تعین کرنے کیلئے نازک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسے مقام پر کھڑے ہیں جہاں ریاست کے لوگوں کو اتنے چیلنج کبھی درپیش نہ تھے جتنے آج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی ایک بڑی سیاسی جماعت ہونے کے ناطے ہم نے ہمیشہ امن اور عوام کی بااختیاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا ماننا ہے کہ  جموں کشمیر کے مسئلہ کا حل تبھی ممکن ہے جب بھارت اور پاکستان جنوبی ایشیاء کے عوام کی بھلائی میں اپنی اَنا چھوڑیں اور جموں کشمیر کے مسئلہ کو یہاں کی عوام کی منشاء کے مطابق حل کریں۔ بدقسمتی سے کشمیر اس وقت بدترین حالات کا شکار ہے اور موجودہ حکومت سمجھتی ہے کہ امن قبرستان کی خاموشی مسلط کرکے ہی قائم کیا جاسکتا ہے۔ ایسے اقدامات کے خطرناک نتائج ہی برآمد ہوں گے جیسا کہ حال ہی میں پلوامہ بم دھماکہ کے بعد ہوا، جب دو ممالک نیوکلیائی جنگ کے دہانے پہنچ چکے تھے۔


خبر کا کوڈ: 784987

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/784987/لوگوں-کو-اجتماعی-طور-سزا-دینا-بھارتی-حکومت-کی-نئی-پالیسی-ہے-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org