0
Monday 25 Mar 2019 16:53

شہباز شریف کا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو مثالی کردار پر خراج تحسین پیش

شہباز شریف کا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو مثالی کردار پر خراج تحسین پیش
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کو خط لکھ کر سانحہ کرائسٹ چرچ میں مثالی کردار پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے عوام نے عدم برداشت کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا کہ آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے عوام نے متاثرین کے لئے ایثار و محبت، جذبے اور ہمدردی کی غیر معمولی انسانی عظمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا آپ نے دہشتگرد حملے کی مذمت کر کے دنیا پر عیاں کیا کہ دہشتگردی کا مذہب سے تعلق نہیں، جمعے کی اذان نشر کر کے اجنبیوں سے نفرت کے رویہ کو مسترد کیا ہے۔ آپ کے نیک طرزعمل اور قائدانہ جرات کو انسانی تاریخ موڑنے کے اقدام کے طور پر صدیوں یاد رکھا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے عدم برداشت کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیا اور  آپ کے نیک طرزعمل اور قائدانہ جرات کو انسانی تاریخ موڑنے کے اقدام کے طور پر صدیوں یاد رکھا جائے گا، کاش دنیا کے دیگر رہنما بھی آپ کے طرز عمل سے سیکھیں۔ خط میں پاکستانی شہداء کی میتوں کی جلد وطن واپسی کے لئے اقدامات پر ذاتی حیثیت میں مادام وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ نے ایک ایسے موقع پر یہ روشن طرز عمل اپنایا، جب دنیا میں نفرت اور دیگر ممالک کے عوام سے بیزاری پھیلائی جا رہی ہے، دعاگو ہیں کہ آپ اسی جذبے اور قوت سے حکومت کرتی رہیں۔ یاد رہے 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشتگرد حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے، اس واقعے پر جہاں‌ نیوزی لینڈ بھر سے شدید ردعمل آیا، وہیں‌ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن اپنے واضح اور دو ٹوک موقف اور مثبت رویئے کے طفیل انسانی دوستی اور مساوات کی علامت بن گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مساجد پر دہشتگردانہ حملے کو پانچ روز گزرنے کے باوجود سیاہ لباس پہنی رہیں۔ اسی طرح مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لئے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے اعلان کے بعد جمعے کو نشریاتی اداروں اور ریڈیو پر اذان نشر کی گئی، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن بھی مسلمانوں سے مثالی یکجہتی کے لئے اسکارف پہنے موجود تھیں۔ جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب میں حدیث نبوی بیان کی اور کہا کہ ہم ایک ہیں، مسلمانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سارا نیوزی لینڈ غمزدہ ہے۔ خیال رہے سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوا تھا، جس میں شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے نئی مثال قائم کی گئی، اسمبلی سیشن کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے ایوان کو "السلام و علیکم" کہہ کر مخاطب کیا اور شہداء کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 785113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش