0
Monday 25 Mar 2019 18:55

نقیب اللہ قتل کیس، راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد

نقیب اللہ قتل کیس، راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس ملیر راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، عدالت نے راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی، عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے گواہوں کو 11 اپریل کو طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ 13 جنوری 2018ء کو کراچی کے ضلع ملیر میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشتگرد نہیں، بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے، جنہیں ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا۔ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی۔ سوشل میڈیا صارفین اور سول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔ از خود نوٹس کے بعد راؤ انوار روپوش ہوگئے اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی، لیکن اسے ناکام بنا دیا گیا۔ کچھ عرصے بعد وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں سے انہیں گرفتار کر لیا گیا، تاہم بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 785125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش