0
Monday 25 Mar 2019 23:10

وزیراعظم عمران خان جلد گوادر اور کوئٹہ کا دورہ کر کے بلوچستان کیلئے اہم اعلانات کرینگے، خسرو بختیار

وزیراعظم عمران خان جلد گوادر اور کوئٹہ کا دورہ کر کے بلوچستان کیلئے اہم اعلانات کرینگے، خسرو بختیار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے پلاننگ کمیشن خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت سی پیک کے مغربی روٹ کو ترجیح دے رہی ہے، وزیراعظم عمران خان جلد گوادر اور کوئٹہ کا دورہ کر کے بلوچستان کےلئے اہم اعلانات کریں گے جبکہ ژوب سے کچلاک تک شاہراہ بنائی جائے گی۔ وزیراعلٰی ہاؤس کوئٹہ میں ایک اعلٰی سطح کی میٹنگ کے بعد وفاقی وزیر پلاننگ کمیشن خسرو بختیار نے وزیراعلٰی جام کمال خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی میں ہے، گذشتہ پانچ سال میں بلوچستان میں کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں ہوا، وزیراعظم جلد کوئٹہ کا دورہ کر کے کچلاک تا ژوب شاہراہ کا افتتاح اور مغربی روٹ کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے، جبکہ سوشیو اکامنک ڈویلپمنٹ میں بھی بلوچستان کا حصہ سب سے زیادہ ہوگا، مالی سال 20۔2019ء کے ترقیاتی بجٹ میں بلوچستان کا بڑا حصہ ہوگا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق حکومت سے ورثے میں ملنے والی مشکلات کے باوجود کام کر رہے ہیں، سابق حکومت نے انتخابی سال کے دوران 2 کھرب روپے لاگت کے 340 سے زائد غیر منظور شدہ اسکیموں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا، مگر بجٹ میں صرف 55 ارب روپے مختص کیا، ان اسکیموں کی تکمیل میں ہمیں 40 سال لگتے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے لاہور اورینج ٹرین منصوبہ سی پیک میں شامل کیا، جس کی لاگت 2 ارب ڈالر تھی اس رقم سے لاہور کے ہر شہری کو ایک گاڑی دی جا سکتی تھی۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وفاق کی جانب سے اعلانات ہوئے، مگر ان پر عمل کم ہوا، ہم نے مرکز کے ساتھ مل کر مغربی روٹ اور پی ایس ڈی پی کا جائزہ لیا، ماضی میں وفاقی اور صوبائی پی ایس ڈی پی کے حوالے سے فیصلے بند کمروں میں ہوتے تھے جبکہ چند ایک علاقوں اور لوگوں کو نوازا جاتا رہا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ سے متعلق دعوئے بھی کئے گئے، ہم نے مرکز کے ساتھ مل کر مغربی روٹ اور پی ایس ڈی پی کا جائزہ لیا، ہم نے پی ایس ڈی پی میں بڑے منصبوں کو شامل کیا ہے اب منصوبوں کی صرف تختیاں نہیں لگیں گی بلکہ عملی کام ہوگا۔ جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ماضی میں پسند و ناپسند کی بنیاد پر اسکیمیں شامل کی گئیں، ہم اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دے رہے ہیں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل ہمارا وژن ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 785133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش