QR CodeQR Code

وزیراعظم عمران خان 29 مارچ کو کراچی پہنچیں گے

25 Mar 2019 23:25

دورے کے دوران اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت، حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اور 30 مارچ کو گھوٹکی میں سردار علی گوہر مہر کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان 29 مارچ کو کراچی پہنچیں گے، دورے میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت اور کراچی پیکج کا اعلان کریں گے، جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 29 مارچ کو کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے ، جس میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو کراچی میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ عمران خان کراچی پیکج کا اعلان کریں گے۔ وزیراعظم باغ ابن قاسم توسیعی منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے، بعد ازاں وزیراعظم 30 مارچ کو ہی گھوٹکی کیلئے روانہ ہو جائیں گے، وزیراعظم کی زیر صدارت سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس 30 مارچ کو گھوٹکی میں ہوگا۔ گھوٹکی میں سردار علی گوہر مہر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، اس موقع پر وزیراعظم سندھ کی اہم شخصیات سے صوبے کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کو وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح اجلاس میں کراچی کے مسائل پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کی بڑھتی آبادی اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا ضروری ہے۔ اجلاس میں گرین لائن منصوبے پر پیش رفت اور اس کی فعالیت کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور کراچی پیکج کے تحت دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں کے منصوبوں میں ماحولیات کے عنصر کو مدِ نظر رکھا جائے، اس کیلئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی ضروری ہے، تاکہ گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 785135

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/785135/وزیراعظم-عمران-خان-29-مارچ-کو-کراچی-پہنچیں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org