0
Wednesday 27 Mar 2019 10:25

یوم پاکستان ریلی میں شرکت پر ایم ڈبلیو ایم چنیوٹ کے رہنما کیخلاف مقدمہ درج

یوم پاکستان ریلی میں شرکت پر ایم ڈبلیو ایم چنیوٹ کے رہنما کیخلاف مقدمہ درج
اسلام ٹائمز۔ نئے پاکستان میں یوم پاکستان کی ریلی میں شرکت جرم بن گئی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع چنیوٹ کے بزرگ رہنما سید عاشق حسین بخاری کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو چنیوٹ میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں شہر بھر کے نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں ایم ڈبلیو ایم کے بزرگ رہنما عاشق بخاری بھی شریک ہوئے، جس پر پولیس نے ان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق عاشق حسین بخاری کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہے، وہ کسی بھی قسم کی اجتماعی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عاشق بخاری نے ریلی کی قیادت کر کے فورتھ شیڈول کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب عاشق بخاری نے "اسلام ٹائمز" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریلی کی قیادت نہیں کی بلکہ وہ صرف اس میں عام شہری کی طرح شریک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلی میں شرکت کا مقصد وطن سے محبت کا اظہار تھا نہ کہ کسی کی دل آزاری، پھر بھی مقدمے کا اندراج ہونا افسوسناک اور سمجھ سے بالا تر ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ میں کسی غیر قانونی سرگرمی میں کبھی بھی ملوث نہیں رہا، اس کے باوجود سابق نون لیگی حکومت نے ان کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا تھا۔ جب عاشق بخاری سے پوچھا گیا کہ فورتھ شیڈول میں تو شرپسند عناصر اور دہشت گردوں کے نام شامل کئے جاتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت پر سابق حکومت نے اِن کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا تھا جبکہ ان کیخلاف کبھی کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے سٹوڈنٹس لیڈر رہ چکے ہیں اور اب مجلس وحدت مسلمین کیساتھ وابستہ ہیں، مگر سابق حکومت نے سیاسی اتحاد نہ کرنے پر ان کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کر دی تھیں، جن  کا سلسلہ موجودہ حکومت میں بھی جاری ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلاجواز فورتھ شیڈول میں شامل کئے گئے نام کو خارج کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 785383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش